سورن سنگھ کیس: شانگلہ کے مسلم لیگی نائب ناظم عالم کا اعتراف جرم، بلدیو کا انکار

May 06, 2016

بونیر/ اسلام آباد (آن لائن+ آئی این پی) مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے شانگلہ کے تحصیل ناظم عالم خان نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک کے سابق مشیر سورن سنگھ کے قتل کا اعتراف کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سورن سنگھ قتل کیس کے مرکزی ملزم بلدیو کمار سمیت 6 ملزمان کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر بونیر کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے شانگلہ کے تحصیل ناظم عالم خان اور بہروز خان نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے کے مشیر کے قتل کا اعتراف کیا جبکہ دیگر 4 ملزمان نے قتل میں ملوث ہونے سے انکار کر دیا ہے۔ جج نے تمام ملزموں کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ سورن سنگھ کے قتل کے الزام میں پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما بلدیو کمار اور مسلم لیگ (ن) کے تحصیل ناظم سمیت 6 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان کو خط لکھ کر خیبر پی کے اسمبلی میں سردار سورن سنگھ کے قتل کے باعث خالی ہونے والی اقلیتی نشست پر روی کمار کو نامزد کر دیا۔ جمعرات کو تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان کو خط لکھا ہے۔ خط میں سردار سورن سنگھ کے قتل کے باعث خالی ہونے والی اقلیتی نشست پر روی کمار کو نامزد کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں