لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کی ہے اور ہماری سیاست کا محور عام آدمی کی فلاح و بہبود ہے۔ 2013ء کے مقابلے میں آج کا پاکستان معاشی لحاظ سے مستحکم ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں امن اور روشنی کا سفر ایک عزم کے ساتھ جاری ہے۔ پاکستان ہم سب کا ہے اور اسے مل کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر لے کر جانا ہے۔ پرامن، معاشی طور پر مستحکم اور محفوظ پاکستان کا وعدہ پورا کریں گے۔ ذاتی مفادات کی خاطر قومی مفادات کو دائو پر لگانے کی سیاست نے ملک کو بے پناہ نقصان پہنچایا۔ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے پروگرام کو مشن سمجھ کر آگے بڑھا رہے ہیں اور عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے اربوں روپے کے پروگرام شروع کر رکھے ہیں۔ مفاد عامہ کے منصوبوں پر بلاجواز تنقید کرنے والے عام آدمی کی خوشحالی کے دشمن ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کی کثیر آبادی کا تعلق دیہات سے ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت دیہات میں بسنے والے افراد کی ترقی و خوشحالی کو اپنا نصب العین سمجھتی ہے۔ دیہی آبادی کی ترقی و خوشحالی کا ایک بڑا پروگرام ’’پکیاںسڑکاں سوکھے پینڈے‘‘ شروع کیا جو دیہی معیشت کی خوشحالی کے لئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ 150 ارب روپے کا یہ منصوبہ دیہی آبادی کا طرز زندگی بدل دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی لاگت سے ہزاروں کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ اس پروگرام پر عملدرآمد سے دیہات اور شہروں کا فاصلہ سمٹ جائے گا۔ زرعی شعبہ کی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے آئندہ 2 برس کیلئے ایک سو ارب روپے کا تاریخی پیکیج دیا، زرعی پیکیج کی ایک ایک پائی کاشتکاروں کی فلاح و بہبود پر صرف کی جائے گی۔ کاشتکاروں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے۔ زرعی پیکیج کے تحت کسانوں کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کریں گے۔ چھوٹے کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ پر کوئی آنچ نہیں آنے دوں گا۔ آئندہ 2 برس میں اس پیکیج پر عملدرآمد سے کسانوں کی ترقی اور زراعت کے فروغ پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ زرعی پیکیج کی ایک ایک پائی کاشتکاروں کی فلاح و بہبود پر صرف کی جائے گی۔ آئی این پی کے مطابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عوام ترقی کی راہ میں رخنہ ڈالنے والوں کو منہ توڑ جواب دیں۔