احتجاج کرنے والے اوردہشت گرد پاکستان کی ترقی روکنا چاہتے ہیں :وزیراعظم

سکھر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں موٹر وے کا جال بچھانا میرا خواب تھا جس کے پورا ہونے پر خوش ہوں۔ موٹرویز سے صوبے ایک دوسرے سے مل جائیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ چین اور سینٹرل ایشیاء کو پاکستان سے ملائے گا۔ ایک موٹروے چین، ایک تاجکستان اور ایک ایران جائے گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انیس سو ننانوے میں ہماری حکومت ختم نہ ہوتی تو پاکستان خوشحال ملک بن جاتا۔ دھرنوں کی سیاست نہ ہوتی تو بہت پہلے یہ منصوبہ شروع ہوچکا ہوتا۔ آج کا کراچی تین سال سے پہلے والے کراچی سے زیادہ پرامن ہے۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ ماضی کے مقابلے میں کم ہوچکی ہے۔ معیشت میں بہتری آئی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ دہشت گرد پاکستان اوراس کے عوام کی ترقی کاراستہ روکنا چاہتے ہیں۔ مخالفین اور دہشتگردوں میں کیا فرق ہے۔ دونوں کا ایجنڈا بد امنی پھیلانا ہے۔ ترقی اور خوشحالی ہمارا ایجنڈا ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ قوم نے دیکھ لیا سڑکوں اور چوراہوں کو روکنے والوں کا ایجنڈا کیا ہے۔ خورشید شاہ دیکھ لیں وہ ہمارا استعفی مانگ رہے ہیں اور ہم ان کے شہر میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کررہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن