فٹبال سپر سٹار”میسی“ کے 500 گول کا ہدف مکمل

اسحاق بلوچ
موجودہ صدی کی فٹ بال ورلڈمیں ارجنٹینا کے سپر اسٹار کپتان لیونل میسی کا شمار دنیا کے کامیاب ترین اسٹرائیکرز میں ہوتا ہے۔ لالیگا (ہسپانوی لیگ) کے ایک اہم میچ میں میسی نے روایتی حریف ریال میڈرڈ کے خلاف 2 گول کر کے 500 گول کرنے کا ہدف مکمل کر لیا۔ بارسلونا کی جانب سے میسی نے اپنی حریف ٹیم کے خلاف فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ اس فتح کے بعد بارسلونا کی ٹیم لالیگا میں 75 پوائنٹس کے ساتھ اول پوزیشن پر آ گئی۔ نیمار جیسے سپر اسٹار کی عدم موجودگی میں بارسلونا کا ریال میڈرڈ جیسی طاقتور ٹیم کو شکست دینا بڑی کامیابی ہے اور اس کا کریڈٹ ٹیم ورک کو جاتا ہے۔ میچ کے 26 ویں منٹ پر ریال میڈرڈر کے کسامیورو نے اپنی ٹیم کو برتری دلوا دی۔ 5 منٹ بعد میسی نے گول کر کے اسکور لیول کیا۔ بعدازاں بارسلونا کی جانب سے راک ٹک نے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی‘ 7 منٹ بعد بارسلونا کے ریڈ گریز نے اسکور 2-2 سے لیول کیا۔ اس اسکور پر میچ اختتام کی جانب گامزن تھا کہ انجری ٹائم کے دوسرے منٹ میں میسی اپنی انفرادی کوشش سے گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلانے کے ساتھ ساتھ اپنا 500 واں گول کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ لیونل میسی کو ان کے کھیل کے اسٹائل کی وجہ سے پلے میکر کہا جاتا ہے کیونکہ وہ دوران میچ خود گول کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ساتھیوں کو بھی گول کرنے کے مواقع فراہم کرتا ہے جس کی وجہ سے وہ پورے میچ میں حریف ٹیم کے خلاف خطرناک حملوں کی پوزیشن میں آ جاتا ہے اور میسی کی اس خوبی نے میسی کو دنیائے فٹ بال کا خطرناک اور کامیاب اسٹرائیکر بنا دیا۔ میسی نے مجموعی طور پر لالیگا (ہسپانوی لیگ) میں اپنی ٹیم بارسلونا کےلئے مجموعی طور پر 343 گول اسکور کئے یہ گول میسی نے 2004ءکے سیزن سے لے کر حالیہ سیزن 24 اپریل تک کئے جبکہ اپنی ٹیم بارسلونا کےلئے تمام مقابلوں اور دوستانہ میچز وغیرہ میں مجموعی طور پر 500 گول مکمل کئے۔ جس میں یورپین زون کےلئے 97 گول اور انٹر کلب مقابلوں کے گول کی تعداد 102 بنتی ہے‘ اس طرح لالیگا کے 343 گول انہوں نے 376 میچز میں مکمل کئے۔ 24 اپریل کو میسی نے ریال میڈرڈ کے خلاف انجری ٹائم میں گول کر کے اپنی ٹیم بارسلونا کےلئے 500 واں گول اسکور کیا جبکہ یہ لالیگا میں میسی کا 347 واں گول تھا۔ واضح رہے کہ ریال میڈرڈ اور بارسلونا کے درمیان اب تک جتنے بھی میچز ہونے ہیں ان میں لیونل میسی سب سے زیادہ 23 گول کرنے کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔ بارسلونا اور ریال میڈرڈ کے درمیان ہونے والے میچز کو ’ایل کلاسیکو‘ کہا جاتا ہے۔ لیونل میسی گزشتہ 10 لیگ میچز میں 14 گول کر چکے ہیں جبکہ وہ اسپینش لیگ میں 31 گول کے ساتھ ٹاپ اسکورر ہیں۔ رواں سیزن میں میسی نے 46 میچز میں بارسلونا کی نمائندگی کی جن میں انہوں نے 47 گول کئے۔ بارسلونا کےلئے بنائے گئے ان گول کی اصل خوبصورتی یہ ہے کہ میسی نے 75 فیصد گول اپنے لیفٹ سائیڈ سے کئے‘ 15 فیصد گول رائٹ سائیڈ سے جبکہ 5 فیصد گول ”ہیڈر“ کے ذریعے بنائے۔ لالیگا کے ساتھ ساتھ میسی نے بارسلونا کےلئے ٹاپ ال کاسو لیگ میں 23 گول‘ سی ایل میں 94 گول بنائے۔ لالیگا کے موجودہ سیزن میں میسی 31 میچوں کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر پہنچے ہیں۔ میسی نے اپنے 500 گول صرف 577 میچز میں مکمل کئے اس طرح وہ بارسلونا کے ٹاپ اسکورر بن گئے۔ اس سے قبل بارسلونا کی جانب سے میسی نے 2011ءکے سیزن میں گول کی بوچھاڑ کر دی تھی اس سال میسی نے مجموعی طور پر 60 مقابلوں میں ریکارڈ 73 گول کر کے دنیائے فٹ بال کے کوچز کو پریشانی میں ڈال دیا۔ اسی طرح 2012ءکے کلینڈر ایئر میں میسی نے 91 گول کر کے منفرد ریکارڈ قائم کیا تھا۔ اس سے قبل کسی کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ گول جرمن سپر اسٹار گرڈ مولر نے 85 گول بارن مونخ کی جانب سے کئے تھے۔ میسی کے اس شاندار ریکارڈ رقم کرنے میں ان کے ساتھی کھلاڑیوں کا بڑا ہاتھ ہے۔ فٹ بال کے کھیل میں انفرادی طور پر کوئی کھلاڑی گول کرنے میں اتنا کامیاب نہیں ہو سکتا جب تک اُس کے ساتھی کھلاڑی اُس کی مدد نہ کریں۔ میسی نے دوران میچ اپنے ساتھی کھلاڑیوں کی مدد سے ہی یہ ہدف عبور کیا۔ اس سلسلے میں ان کے ساتھی اسٹرائیکر الیوس‘ انساتا‘ چابی‘ بیڈرو‘ سواسریز‘ نیمار اور فیبریگاس شامل ہیں‘ سب سے زیادہ بار الیوس کے پاسز پر میسی نے گول اسکور کئے ان کی تعداد 43 بنتی ہے۔ لیونل میسی 24 جون 1987ءکو ارجنٹینا کے ایک چھوٹے سے قصبے روساریو میں پیدا ہوئے‘ 1994ءمیں نیو کیسل اولڈ بوائز کلب کی 6 سال تک جونیئر مقابلوں میں نمائندگی کرنے کے بعد دنیا کی سب سے اہم ٹیم بارسلونا کا 2001ءمیں حصہ بنے‘ 2005ءتک وہ بارسلونا کی سی اور بی ٹیم کی نمائندگی کرتے رہے۔ اس دوران نوعمر میسی نے گول اسکورنگ صلاحیتوں میں اضافہ کیا اور صرف 32 مقابلوں میں 11 گول اسکور کئے۔ بعدازاں 2004ءمیں وہ بارسلونا کی اے ٹیم کی نمائندگی کرتے رہے۔ اس دوران میسی نے 377 مقابلوں میں ریکارڈ 343 گول اسکور کئے۔ دوسری جانب میسی نے 2004ءاور 2005ءکے سیزن میں ارجنٹینا انڈر 20 ٹیم کی نمائندگی کی اور 18 میچز میں 14 گول بنائے۔ 2005ءفیفا انڈر 20 ورلڈ کپ میں میسی نے ٹاپ اسکور اور بہترین فٹ بالر کا بھی اعزاز حاصل کیا۔ 2008ءمیں انڈر 23 ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے میسی نے ارجنٹینا کےلئے 5 میچوں میں 2 گول اسکور کئے جبکہ 2003ءسے وہ اپنی قومی ٹیم کے مستقل ممبر ہیں۔ اس دوران میسی نے 117 میچوں میں 58 گول اسکور کئے۔ اپنی گول اسکورنگ صلاحیتوں کی وجہ سے میسی نے ریکارڈ 5 بار فیفا کی جانب سے دنیا کے بہترین فٹ بالر کا ایوارڈ حاصل کیا۔ پہلی بار 2009ئ‘ اس کے بعد 2010ئ‘ 2011ءاور 2012ءمیں یہ ایوارڈ مسلسل حاصل کر کے میسی نے دنیائے فٹ بال کے تمام سپر اسٹارز کو مات دی۔ بعدازاں آخری بار میسی نے 2015ءمیں یہ ایوارڈ پانچویں بار حاصل کر کے منفرد ریکارڈ رقم کیا۔ اس کے علاوہ میسی نے چار بار 2008ئ‘ 2013ئ‘ 2014ءاور 2016ءمیں دوم پوزیشن حاصل کی جبکہ 2017ءمیں وہ سوئم پوزیشن پر رہے تھے۔
٭٭٭٭٭٭

ای پیپر دی نیشن