لاہور+ منڈی بہائوالدین + قلعہ دیدار سنگھ (نامہ نگار+ نمائندگان) لاہور اور منڈی بہائوالدین میں 2بچوں جبکہ قلعہ دیدار سنگھ میں نوجوان کو اغوا کر کے قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ساندہ بند روڈ کا رہائشی 5سالہ علی شان جمعرات کے روز گھر سے باہر گیا، واپس نہ آیا، گھر والے تلاش کرتے رہے پولیس کو بھی اطلاع کی۔ گزشتہ روز راوی بینک ٹی نمبر پانچ پر گندے نالے کے قریب کمسن بچے کی نعش ملی۔ جس نے شلوار پہن رکھی تھی اور اس کی قمیض غائب تھی۔ پولیس نے نعش قبضے میں لے لی۔ بیٹے کی موت پر ماں صدمے سے بے ہوش ہو گئی۔ شک پڑنے پر بچے کے سوتیلے باپ ندیم کو حراست میں لے کر تفتیش کی تو اس نے اعتراف جرم کر لیا۔ پولیس کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے۔ دریں اثناء جعلی پیر نے 6 سالہ بچے کو اغوا کے بعد زیادتی کانشانہ بناکر سر تن سے جدا کردیا۔ پولیس نے قاتل کی نشاندہی پر کھوکھر آباد کے جنگل سے بچے کی ٹکڑوں میں بٹی نعش برآمد کرلی، کندھانوالہ میں 30 اپریل کو پہلی کلاس کا 6 سالہ طالبعلم ارسلان حیدر گھر سے دہی لینے قریبی دکان پر گیا لیکن راستے میں نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا۔ بچے کے والدین اسے تلاش کرتے رہے۔ ایس ایچ او تھانہ سول لائن انسپکٹر ریاض احمد کو بچے کے اغوا کی تحریری درخواست دی مگر اس نے کوئی کارروائی نہ کی اور ٹال مٹول سے کام لیتا رہا۔ جب بچے کے اغوا کے بارے میں ڈی پی او منڈی بہائوالدین عمر فاروق سلامت کو اطلاع ملی خود تھانہ سول لائن پہنچ گئے اور ایس ایچ او ریاض احمد پڈھیار کی سخت سرزنش کی اور اپنی نگرانی میں بچے کے اغواء کا مقدمہ درج کرایا پولیس نے دوران تفتیش گھر میں موجود جعلی پیر ملازم شاہ کو حراست میں لیکر تفتیش کی تو اس نے اعتراف کیا کہ بچے کواس نے زیادتی کا نشانہ بناکر نعش ٹکڑے کر دی اور کھوکھرآبادکے جنگل میں پھینک دی ہے جس کے بعد پولیس نے بچے کی نعش جنگل سے برآمدکرکے قبضہ میں لے لی، لواحقین نے بچے کی نعش سڑک پر ریلوے ٹریک پر رکھ دی اور ٹائر جلا کر اسے بلاک کردیا احتجاجی مظاہرہ کیا، ریلوے ٹریک مسلسل دوگھنٹے سے ٹرین کی آمدورفت کیلئے بند رہا۔ لالہ موسی سے سرگودھا جانیوالی مسافر ٹرین منڈی بہاوالدین ریلوے سٹیشن پرکھڑی رہی اور لواحقین سے ہونے والے پولیس اور ریلوے انتظامیہ کے مذاکرات چلتے رہے، متاثرین نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلی پنجاب انہیں انصاف دیں۔ علی پور چٹھہ کوٹ رہاڑ کے رہائشی 16سالہ نوجوان حماد سجاد کی تشدد زدہ نعش سیم نالے کے قریب سے برآمد کر لی گئی حماد 4مئی کو گھر سے موٹر سائیکل پر نکلا اور رات بھر واپس نہ آیا۔ صبح ہونے پر گھر والوں نے تلاش شروع کی تو حماد کی نعش سیم نالے کے قریب پڑی ملی جس کے گلے پر رسیوں جسم پر تشدد کے واضح نشانات تھے موٹر سائیکل بھی قریب پڑا ملا پولیس نے والد محمد سجاد کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر کے نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی نوجوان کی موت پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔
منڈی بہائو الدین: جعلی پیر کے ہاتھوں زیادتی کے بعد بچہ‘ قلعہ دار سنگھ میں نوجوان قتل
May 06, 2017