غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری‘ گرمی سے حیدر آباد4‘ بدوملہی اور قلعہ کالروالا میں3 جاں بحق‘ 3 بیہوش

May 06, 2017

اسلام آباد +حیدر آباد +کراچی ( نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار+ایجنسیاں) وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بجلی پیداوار 15ہزار 299میگا واٹ ہے۔ ملک میں بجلی کی طلب 18 ہزار 411 میگا واٹ ہے ۔ ملک میں بجلی کا شارٹ فال3ہزار112میگا واٹ ریکارڈ کیا گیا ۔ ملک میں کہیں بھی غیر اعلانی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی۔تھانہ سٹی کی حدود کی رہائشی خاتون کو دل گھبرانے پر سول ہسپتال لے جایا گیا یہاں ہاٹ اٹیک ہونے سے جاں بحق ہو گئی۔محلہ بلال گنج کی 45 سالہ شمشاد بی بی کا گھر میں گرمی کے باعث دل گھبرا اور اس کی حالت غیر ہوگئی جس کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال لیجایا گیا یہاں وہ چل بسی۔ گرمی کی شدت سے قلعہ کالروالہ کے علاقہ میں دو افراد جاں بحق جبکہ تین افراد بے ہوش ہوگئے۔ اشفاق گند م کی کٹائی کر رہا تھا کہ گرمی کی شدت برداشت نہ کر سکا اور دم توڑ گیا۔ محنت کش نذیر احمد عرف سیٹھی جو ٹرک سے سیمنٹ کی بوریاں اتار رہا تھا گرمی کی شدت کے باعث دم توڑ گیا جبکہ تین افراد عبدالقیوم ،مختار احمد اور محمد شہباز جوکہ گرمی کی شدت سے بے ہوش ہوگئے۔ گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی میپکو کی طرف سے بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری کردیا گیا جس کی وجہ سے تاجر طبقہ پریشان ہے اور کسان کا شتکار بھی برا متا ثر ہو رہے ہیں جس سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہونے لگا۔ شہریوں نے احتجاج کر تے ہوئے کہا کہ چار سال سے زائد عرصہ گزرگیا مگر تاحال بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ تو کیا کمی تک نہیں ہوئی۔ شرقپور شریف اور گردونواح میں بجلی کی بدترین اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بدستور جاری شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ14گھنٹے سے بھی تجاوز کرجانے پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت اور لیسکو کے خلاف نعرے بازی کی۔حیدر آباد کے مختلف علاقوں سے چار افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ انچارج ایدھی فائونڈیشن کے مطابق مرنے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔ ادھر محکمہ موسمیات نے کراچی میں ایک مرتبہ پھر ہیٹ دیو کا خطرہ ظاہر کرتے ہوئے اس حوالے سے الرٹ جاری کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبر دار کیا کہ مئی اور جون پاکستان کے خشک اور گرم ترین مہینے ہوں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ماہ رمضان میں کراچی سمیت سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں گرم موسم اپنے عروج پر ہو گا تا ہم بالائی علاقوں سمیت ملک کے بعض علاقوں میں بارش کے سلسلوں سے گرمی سے ریلیف ملے گا۔ محکمہ موسمیات نے رواں ماہ اور رمضان کے دوران ہر سات سے 10روز کے بعد بارشیں ہونے کی نوید سنادی۔ رواں ماہ کے دوران بالائی خیبرپی کے ، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور شمالی علاقہ جات سے متصل پنجاب کے علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ تاہم فصلوں کیلئے یہ بارشیں نقصان دہ ثابت ہوں گی، اس دوران ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ ملک کے مختلف مقامات پر تیز آندھی، طوفان اور گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

مزیدخبریں