این ایل سی اور ڈیملر اے جی کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) دنیا کے سب سے بڑے ٹرک تیار کرنے والے پلانٹ میں نیشنل لاجسٹکس سیل (این ایل سی) اور ڈیملر اے جی نے پاکستان میں مرسیڈیز ٹرکوں کی مقامی سطح پر تیاری کے لئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کر دیئے۔این ایل سی کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل این ایل سی میجر جنرل مشتاق احمد فیصل اور پاک این ایل سی موٹرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ضیا احمد جبکہ مرسیڈیز بنز سپیشل ٹرک کی جانب سے ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ کلاوس فشینگر اور جرمنی میں سیلز کے سربراہ ڈاکٹر رالف فورچر نے دستخط کئے۔ اس موقع پر شاہنواز لمیٹڈ کے ڈائریکٹر اور جنرل مینجر نسیم شیخ اور پاکستان میں مرسیڈیز بنز گاڑیوں کے مجاز تقسیم کنندہ احمد نعیم موجود تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل مشتاق احمد فیصل نے مفاہمت کی یاداشت کو پاکستان کی کمرشل گاڑیوں کی صنعت کے لئے تاریخی موقع قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرسیڈیز بنز ٹرکوں کی مقامی سطح پر تیاری پاکستان کی لاجسٹکس انڈسٹری کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ بھی اس شعبہ میںٹرکوں کی مانگ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ سی پیک کی بدولت مواصلات کا جدید نیٹ ورک قائم کیا جا رہا ہے جو گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں کو پاکستان کے شمالی علاقوں ، مغربی چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں سے ملائے گا ۔

ای پیپر دی نیشن