سرینگر ( ا ? ن لائن‘ نیٹ نیوز)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی بربریت جاری ہے ،ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں میں مزید 4کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فوجیوں نے تین نوجوان کو سرینگر کے علاقے چھتہ بل میں محاصرے اور تلاشی کی ایک پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔ اس سے پہلے بھارتی فوج کا ایک اہلکار بھی اسی علاقے میں ایک حملے میں زخمی ہوا تھا۔ چھتہ بل اور اس کے مضافات میں لوگوں نے زبردست احتجاجی مظاہرے کئے اور احتجاجی مظاہرین اور بھارتی فورسز کے اہلکاروں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ بھارتی فوج اور پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔ دریں اثنائ سرینگر کے علاقے صفاکدل میںاحتجاجی مظاہروں کے دوران بھارتی فورسز کی ایک گاڑی نے جان بوجھ کر ایک اور نوجوان عادل احمد کو ٹکر مارکر شہید کردیا۔ عادل کو زخمی حالت میں ایس ایم ایچ ایس ہسپتال لے جانے کی کوشش کی گئی لیکن وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایس ایم ایچ ایس ہسپتال کے باہر بھارتی پولیس نے لوگوں سے نوجوان کی میت چھین لی۔قابض انتظامیہ نے لوگوں کو چھتہ بل میں صورتحال کے حوالے سے معلومات کا تبادلہ کرنے سے روکنے کیلئے سرینگر میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی۔ دریں اثنائ معصوم شہریوں کے مسلسل قتل عام کے خلاف سرینگر کے علاقے حید پورہ میں حریت رہنما غلام نبی سمجھی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرین نے ایئرپورٹ روڑ پر آنے کی کوشش کی لیکن بھارتی پولیس نے انہیںآگے جانے سے روک دیا۔ ادھر سرینگر کے علاقے مائسمہ میں بھی لوگوں نے بھارتی فورسز کی طرف سے جاری قتل وغارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پلوامہ میںنامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے بھارتی پولیس کے ایک سپیشل پولیس افسر ہلاک ہوگیا۔ بندوق برداروں نے ایس پی او پر ضلع کے علاقے رحمو میں فائرنگ کی۔ادھر نامعلوم بندوق برداروں نے ضلع بانڈی پورہ میں حاجن کے علاقے شاہ گنڈ میں بھی آج ایک شحض اور اس کے بھتیجے کو ہلاک کردیا۔جموں وکشمیر کی موجودہ سیاسی صورت حال کو انتہائی سنگین اور پریشان کن قرار دیتے ہوئے حریت کانفرنس ’’ع‘‘ گروپ کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ اور حقوق انسانی کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیری عوام پر ڈھائے جا رہے مظالم ، جبر و زیادتیوں ، ماردھاڑ ، کشت و خون کا سنجیدہ نوٹس لیں اور اس دیرینہ مسئلہ کو یہاں کے عوام کی مرضی اور خواہشات کے مطابق حل کرانے کے لئے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ سید علی گیلانی نے اپنی قوم کے نام ایک پیغام میں کہا ہمیں پوری یکسوئی ، اتحاد و اتفاق اور صبرو ثبات کے ساتھ بھارت کی بربریت ، جارحیت اور فسطائیت کے خلاف صف آرا ہونے کی اشد ضرورت ہے۔محبوس مزاحمتی لیڈرمسرت عالم بٹ جنہیں کورٹ بلوال جیل جموں سے سرینگر لایا گیا ،کو کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن کی طرف سے عائد کئے گئے ایف آئی آرنمبر50/2010 کے تحت مذکورہ تھانہ نے کورٹ میں سی جے ایم کے سامنے پیش کیاگیا۔ جج موصوف نے اس کیس کی اگلی سماعت18/5/2018مقرر کی جس کے ساتھ ہی مسرت عالم بٹ کو وآپس کورٹ بلوال جیل منتقل کیا گیا۔ادھرقابض انتظامیہ نے سینئر حریت رہنما?ں سید علی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کو پریس کانفرنس سے خطاب کرنے سے روکنے کیلئے نظر بند کردیا ہے۔ بھارتی پولیس نے محمد یاسین ملک کے گھر پر چھاپہ مارکر انہیںگرفتار کرکے کوٹھی باغ پولیس سٹیشن منتقل کردیا۔ قابض انتظامیہ نے میرواعظ عمر فاروق کو گھر میں نظربند کردیا جبکہ سید علی گیلانی پہلے ہی گھر میں نظر بند ہیں۔ آزادی پسند قیادت کوسرینگر کے ایک ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرنا تھا جس میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشتگردی کے پیش نظر تحریک آزادی کو آگے بڑھانے کے حوالے سے لائحہ عمل کا اعلان کرنا تھا۔ سالویشن موومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ظلم و ستم کی انتہا کر دی۔کشمیری مظاہرین نے بھارتی فوج کیخلاف نعرے بازی کی،بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے سری نگر سمیت حساس اضلاع میں انٹرنیٹ سروس بند کردی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے چار طلبائ شہید ہو گئے ہیں۔
کشمیر