دیپالپور+ اوکاڑہ+ چوک شاہ مقیم (نامہ نگاران) بلوچستان کے علاقے خاران میں دہشت گردی کا نشانہ بن کر جاں بحق ہونے والے 6 مزدوروں کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا، جاں بحق ہونے والے افراد کی میتیں جب ان کے آبائی گائوں 49/2Lاور موضع ٹھکری والا پہنچیں تو کہرام برپا ہو گیا۔ اہل علاقہ شدید غم سے نڈھال اور ہر آنکھ اشکبار تھی نواحی گائوں 49/2Lمیں 4 افراد محمد وقاص، محمد شہزاد، فخرالدین اور مظہر اقبال کو سپردخاک کیا گیا جبکہ موضع ٹھکری والا میں جاں بحق ہونے والے دو جوان بھائیوں محمد جاوید او ر امانت علی کی تدفین کی گئی۔ ورثاء نے واقعہ کا نوٹس لینے پر چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس میاں ثاقب نثار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نہ صرف واقعہ میں ملوث ملزموں کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے بلکہ ذمہ داران کا تعین کرتے ہوئے انہیں بھی انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ کیکری والا کے امانت علی کے دو بچے 3سالہ بیٹا اور ایک سالہ بیٹی ہے۔ بیوی اپنے خاوند کی نعش دیکھتے ہی شدت غم سے بے ہوش ہو گئی۔ ڈی پی او اوکاڑہ حسن اسد علوی و دیگر افسروں نے نوجوانوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔
خاران میں شہید ہونیوالے 6 مزدور آہوں سسکیوں کے ساتھ دیپالپور میں سپردخاک
May 06, 2018