کراچی (صباح نیوز) کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتعال انگیز تقاریر کے 27 مقدمات میں بانی ایم کیو ایم اور دیگر مفرور ملزمان کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ۔ہفتہ کوکراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں اشتعال انگیز تقاریر کے 27 مقدمات کی سماعت ہوئی ۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار ، عامر خان ، شاہد پاشا اور قمر منصور عدالت میں پیش ہوئے جبکہ کراچی کے میئر وسیم اختر ، خواجہ اظہار الحسن اور دیگر ایم کیو ایم رہنما عدالت میں پیش نہیں ہوئے ۔ مختلف تھانوں میں اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کے 27 میں سے 7 مقدمات کا حتمی چالان عدالت میں پیش کر دیا گیا ۔ بانی ایم کیو ایم اور دیگر مفرور ملزمان کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے ۔ عدالت نے پولیس کو باقی مقدمات کا حتمی چالان پیش کرنے کا حکم دیا ۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 جون تک ملتوی کر دی ۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا شہروں میں رہنے والوں اور ہر مہاجر اور مظلوم سے ہمارا وعدہ ہے کہ ہم ایک صاف ستھری پڑھی لکھی اور عدم تشدد اور عدم تصادم پر مبنی ایم کیو ایم قائم کریں گے اور ہم اس مشن پر کاربند ہیں ، یہ نظر بھی آئے گا ۔ سندھ کے شہروں میں بالخصوص پورے سندھ اور پورے ملک میں بجلی کا بحران ہے ۔ وفاقی حکومت نے جو سارے دعوے کئے تھے وہ دھرے کے دھرے رہ گئے ۔ اسی طرح صوبائی حکومت نے تھر میں ائیرپورٹ بنانے کو ترجیح دی لیکن سندھ اور کراچی میں بجلی کے مسئلہ کو حل نہیں کیا ۔ حکومت سندھ نے کوئی پاورپلانٹ نہیں لگایا۔ فاروق ستار کا کہنا تھاایم کیو ایم میں اصلاحات ہونی چاہئیں اور احتساب کا عمل ہونا چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بیٹھیں گے اور اگر کوئی اختلاف ہمارے اندر ہے تو اس کو حل کریں گے ۔
اشتعال انگیز تقاریر‘ متحدہ بانی اور دیگر مفرور ملزموں کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جا ری
May 06, 2018