اسلام آباد/ ملتان (این این آئی) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ دینی مدارس کے دفاع اور بقا کی جنگ اس سے پہلے بھی لڑی اور آئندہ بھی کسی کو مدارس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے، وفاق المدارس ہمارا مشترکہ اثاثہ اور سرمایہ ہے علماء کرام اسے مضبوط سے مضبوط تر بنانے میں کردار ادا کریں،وفاق المدارس کی اجتماعیت اور جمعیت کی سیاسی قوت نے دین دشمنوں کو ناکام ونامراد کیا آئندہ بھی باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا،بھاری بھرکم بجٹ پر چلنے والے سرکاری ادارے وفاق المدارس کے نظام امتحانات کی تقلید کریں۔ مولانا فضل الرحمن نے جامعہ خیر المدارس ملتان کا دورہ کیا اور سالانہ امتحانات کی مارکنگ کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ جنرل سیکرٹری وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا محمد حنیف جالندھری نے مولانا فضل الرحمن کو وفاق المدارس کے نظام امتحانات، پرچوں کی چیکنگ اور نتیجے کی تیاری کے جملہ مراحل کے بارے میں بریفنگ دی۔ فضل الرحمن نے ملک بھر سے پرچوں کی چیکنگ کیلئے تشریف لائے ہوئے علماء کرام کے اجتماع سے خطاب کہاکہ وطن عزیز میں وفاق المدارس کی اجتماعیت، دینی وتعلیمی خدمات اور جمعیت علماء اسلام کی سیاسی قوت کی بدولت دین دشمن قوتوں کو منہ کہ کھانا پڑی ہے اور آئندہ بھی باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے دشمن کے اسلام اور پاکستان کیخلاف منفی عزائم کو خاک میں ملائیں گے۔