سیہون شریف (وقائع نگار)سیہون شریف میں صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندر کے سات سو چھیاسٹھ ویں عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغاز ہو گیا جو آٹھ مئی تک جاری رہے گا۔حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس کا افتتاح سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کیا۔ مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔عرس میں شرکت کے لیے ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ جبکہ عرس کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں مزار کے اطراف میں پولیس اور رینجرز کے چار ہزار پانچ سو اہلکار تعینات کیے گئے ۔حضرت عثمان مروندی المعروف لعل شہباز قلندر کا عرس ہر سال اٹھارہ شعبان کو شروع ہوتا ہے جو اکیس شعبان تک جاری رہتا ہے۔ عرس کے موقع پر محکمہ اوقاف کی جانب سے زائرین کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ سندھ بھر کی طرح سیہون میں شدید گرمی سے بچا ئوکیلئے محکمہ اوقاف اور حکومت سندھ کی جانب سے ہیٹ سٹوک کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز لعل شہباز قلندر کے عرس میں شرکت کے لیے آنے والے تین زائرین شدید گرمی کے باعث جاں بحق ہوگئے تھے۔سیہون نامہ نگار کے مطابق ایس ایس پی جامشورو پرویز احمد عمرانی نے کہا کہ لیڈیز زائرین کے کانوں سے سونے کی بالیاں چھیننے میں ملوث ایک گروہ کو گرفتار کر لیا گیا جن میں ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہے جبکہ اس کے علاوہ چار جیب کتروں کو بھی گرفتار کرکے لاک اپ کردیا گیا۔