لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ سیاستدان سیاست میں خلائی مخلوق کی مداخلت روکنے کے لئے متحد ہو جائیں۔ سیاست و جمہوریت کو درپیش خطرات کے سد باب کے لئے نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت ہے۔ الیکشن میں عوام کی طاقت خلائی مخلوق کی ساری منصوبہ بندیاں بہا لے جائے گی۔ عوام الزامات کی سیاست سے تنگ آ چکی ہے۔ سیاستدان انتشار پھیلانے سے گریز کریں۔ ایم ایم اے کا 13 مئی کا جلسہ سیاسی مخالفین کی آنکھیں کھول دے گا۔ نئے نئے دینی اتحاد کھڑے کر کے دینی ووٹ کو تقسیم کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد سے لاہور پہنچنے پر پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ 13 مئی کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں اسلام پرستوں کا میلہ لگے گا۔ نظام مصطفے کی حکمرانی قائم ہونے سے ملک میں غربت، افلاس، بے روزگاری، بدامنی اور ناانصافی کا خاتمہ ہو گا۔