واشنگٹن(این این آئی)افغانستان میں دو بچوں کی ماں نے اپنے ایک قریبی عزیز کے علاج کے لیے رقم اکٹھی کرنے کی خاطر اپنی پانچ ماہ کی بیٹی فروخت کر دی۔ اس واقعہ کی خبر ہوتے ہی ملک بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی جس کے بعد لوگوں اور حکومتی عہدے داروں نے علاج کے لیے رقم کا بندوبست کیا اور قیمت چکا کر ماں کو اس کی بچی واپس دلا دی۔ افغان صوبے فاریاب کے قصبے میمنہ کی رہنے والی عبیدہ کی شادی پانچ سال قبل ہوئی تھی۔ اس کے شوہر کا 20 سالہ بھائی خون کے کینسر میں مبتلا ہے جس کا علاج بہت مہنگا ہے۔رقم کا بندوبست نہ ہونے کی وجہ سے عبیدہ نے اپنی پانچ ماہ کی بیٹی مہربان ایک ایسے جوڑے کے ہاتھ بیچ دی جن کی اولاد نہیں تھی۔