لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) مشیر چئیرمین پی سی بی شکیل شیخ کا کہنا ہے کہ محکمانہ کرکٹ کو ختم کرنے کیلئے عمران خان سب سے آگے ہیں۔ جاوید میانداد اور دیگر کرکٹرز محکمانہ کرکٹ کو جاری رکھنے کے حق میں ہیں۔ وہ وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ محکموں کی ملکی کرکٹ کیلیے بہت خدمات ہیں انہوں نے کئی کھلاڑی دیے، پلئیرز معاشی طور پر مضبوط ہوئے ہیں۔ موجودہ حالات میں محکموں کا کردار بہت اہم ہے۔۔ محکموں کے پاس فنڈز موجود ہوتے ہیں وہ اپنا خرچہ خود اٹھاتے ہیں۔دوسری طرف ریجنز کا کردار بھی کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا بنیادی طور پر یہی اصل نرسری ہے جہاں سے کھلاڑی اپنی کرکٹ کا آغاز کرتا ہے۔ علاقائی ٹیموں کو چلانے میں پیسوں کا مسئلہ رہتا ہے۔ ایسوسی ایشنز کے پاس فنڈز کی کمی ہوتی ہے ریجنز میں ہر سطح کے مقابلوں کے اخراجات پاکستان کرکٹ بورڈ برداشت کرتا ہے۔ ہمارے سولہ ریجنز ہیں سب کا کردار اہم ہے۔ جو بھی نظام لایا جائے یا اس وقت کے سٹیک ہولڈرز کی بات کی جائے سب کا مقصد اچھے پلئیرز تیار کرنا اور آئی سی سی کے ایونٹس میں کامیابی حاصل کرنا ہے۔