لاہور (نمائندہ سپورٹس )پاکستان کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ سٹیو رکسن نے خاندانی مصروفیات کے باعث دورہ انگلینڈ کے بعد عہدہ چھوڑنے کا عندیہ دے دیا۔سٹیو رکسن 2016 سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سٹیو رکسن کے ساتھ ورلڈ کپ 2019 تک کا معاہدہ ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ روانگی سے قبل آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے 64 سالہ فیلڈنگ کوچ سٹیو رکسن نے پی سی بی کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی کہ کچھ فیملی مصروفیات کی وجہ سے ان کے لئے دورہ انگلینڈ کے بعد ذمہ داریاں نبھانا آسان نہیں ہے اس لیئے کوچ تلاش کر لیا جائے‘انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا ہے ، تاہم پی سی بی کی خواہش ہے کہ سٹیو رکسن اپنا کنٹریکٹ مکمل کریں۔ان کی کوچنگ کے دوران فیلڈنگ میں بہتری آئی ہے جس کی وجہ سے پی سی بی چاہتا ہے کہ فیلڈنگ کوچ آئندہ ورلڈ کپ ذمہ داری بنھاتے رہیں تاکہ کھلاڑیوں کیلئے مشکل نہ ہو ۔ کھلاڑیوں کی اکثریت سے بھی ان کے سکھانے کے طریقہ کار سے آگاہ ہو چکی ہے ۔ امکان ہے کہ رکسن کے نہ ماننے پر سابق فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن کو دوبارہ عہدہ کی ذمہ داری سونپ دی جائے ۔ ذرائع کے مطابق رکسن نے چیئرمین پی سی سبی نجم سیٹھی سے ملاقات کی تھی اور آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے ان کو آگاہ کیا تھا ۔
پاکستان ٹیم کے فیلڈنگ کوچ سٹیورکسن نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا
May 06, 2018