رنگت کی خرابی اور ہیٹ سٹروک سے بے خوف پاکستان کی خواتین کرکٹرز

May 06, 2018

لاہور (نمائندہ سپورٹس )ملک کے بیشتر حصوں میں خشک اور گرم موسم کا راج ہے، لیکن پاکستان کی خواتین کرکٹرز شدید گرمی میں رنگت خراب ہونے اور ہیٹ اسٹروک کی پروا کیے بغیر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر رہی ہیں۔ ویمن ٹیموں کی کھلاڑیوں نے سخت گرمی میں چہرے پر سن بلاک لگا کر اور نمکول پانی کا استعمال کرکے میچ کو مکمل کیا۔ خواتین کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ والدین کی پہلے سوچ ہوتی تھی کہ بیٹیوں کی رنگت کا خیال کرنا ہے، انہیں باہر نہیں نکلنے دینا چاہیے، لیکن اب ان کی سوچ تبدیل ہوگئی ہے تو بیٹیوں کی بھی سوچ تبدیل ہوگئی ہے۔کھلاڑیوں نے بتایا کہ ان کے فٹنس ٹیسٹ بھی اسی گرمی کے موسم میں ہوئے ہیں اور وہ اب اس پر توجہ نہیں دیتیں کہ گرمی ہے یا سردی۔ان باہمت کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ گرمی سے ہم بھی پریشان ہیں لیکن پروفیشنلزم یہی ہے کہ ہم اپنے آپ کو ثابت کریں۔ گراؤنڈ میں ہمارے ذہن میں ایک ہی بات چل رہی ہوتی ہے کہ رنز بنانے ہیں، رنز روکنے ہیں اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے۔

مزیدخبریں