ملتان (ایجنسیاں) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر جماعت کو اپنے عہدوں میں ردوبدل کا حق حاصل ہے۔ (ن) لیگ نے پارٹی عہدوں میں ردوبدل کیا ہے‘ لیکن کچھ قانون اور قاعدہ ہوتا ہے۔ حیرت ہے سزا یافتہ مریم نواز پارٹی کی نائب صدر مقرر ہوئی۔ پیپلزپارٹی پبلک اکائونٹس کمیٹی سے مطمئن نہیں۔ اگر شہبازشریف کی صحت پارٹی سنبھالنے کی اجازت نہیں دے رہی تو اپوزیشن لیڈر کی ذمہ داریاں کیسے ادا کر رہے ہیں۔ آئی ایم ایف کا طعنہ وہ دے رہے ہیں جو خود سب سے پہلے آئی ایم ایف کے پاس گئے۔ (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی بھی اپنے دور میں آئی ایم ایف کے پاس گئے تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان کے بیانات کو سنجیدہ نہیں لینا چاہیے، یہ پہلے زرداری کا دفاع کرتی تھیں، اب عمران خان کا کر رہی ہیں۔ مریم نواز کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں ہے، وہ پارٹی عہدیدار بننے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ مریم نواز کو احتساب عدالت کی جانب سے دی گئی سزا اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے میں معطل ہو چکی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چودھری نے مریم نواز پر سے متعلق شاہ محمود قریشی کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ مریم نواز کی تقرری عوامی ڈیمانڈ اور پارٹی کی ضرورت ہے۔ آپ بجا طور پر خوفزدہ ہیں کیونکہ کٹھ پتلیاں عوامی لیڈروں سے خوف کھاتی ہیں۔ عوام کے حق میں اٹھنے والے ہر آواز دبانے کیلئے آپ اپنے مخالفین کو جیل بھیج رہے ہیں۔
مریم سزا یافتہ ‘ پارٹی عہدہ دینے پر حیرت ہے‘ شاہ محمود کٹھ پتلیاں خوفزدہ ہیں: مسلم لیگ (ن)
May 06, 2019