اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) پارلیمانی رہنمائوں کے اجلاس میں قومی اسمبلی کا فزیکل سیشن 11مئی پیر بوقت تین بجے بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے پر اتفاق رائے کے بعد اپوزیشن نے اپنی ریکوزیشن واپس لے لی ہے ۔ اجلاس کا دورانیہ ڈیڑھ سے دو گھنٹے تک ہو گا۔ اس سپیشل سیشن میں کوئی وقفہ سوالات نہیں ہو گا، اجلاس ایک دن کے وقفے سے جاری رہے گا، اس میں یہ بھی طے ہوا کہ اس اجلاس میں کورم کی نشاندہی نہیں کی جائے گی، اجلاس کو کووڈ 19 تک محدود رکھا جائے گا تاکہ قومی اتفاق رائے پیدا ہو سکے۔ پریس گیلری کے علاوہ وزیٹرز کو اجلاس میں شرکت کی اجازت نہیں ہو گی اور پریس نمائندگان کو کوریج کی اجازت ہو گی۔ اجلاس میںارکان کی شرکت کا فیصلہ ہر پارلیمانی پارٹی کے رہنما خود کریں گے۔ اس بات اعلان وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پارلیمانی رہنمائوں کے اجلاس میں کیے گئے بعد منگل کو پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پارلیمانی رہنمائوں کا اجلاس سید فخر امام صاحب کی زیرصدارت ہوا، اس میں مختلف تجاویز سامنے آئیں۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ بروز پیر بوقت تین بجے قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا اس اتفاق رائے پر اپوزیشن نے اپنی ریکوزیشن واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس کا دورانیہ ڈیڑھ سے دو گھنٹے تک ہو گا، اس سپیشل سیشن میں کوئی وقفہ سوالات نہیں ہو گا۔