100سال بعد جیل اصلاحات کی جارہی ہیں، عثمان بزدار: فنکاروں کیلئے امداد کا اعلان

May 06, 2020

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سول سیکرٹریٹ دربار ہال میں پریزن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے نفاذ کا افتتاح کردیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بٹن دباکر پریزن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (PMIS) کی باقاعدہ لانچنگ کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں بتایا گیا کہ پریزن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے قیدیوں، سٹاف، انتظامی اور دیگر امور کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جاسکے گی۔ پریزن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے قیدیوں کی آمد و رفت قید کے دوران سرگرمیوں کی ڈیجیٹل نگرانی اور ریکارڈ رکھا جائے گا۔ ملاقاتیوں کا ریکارڈ بھی سسٹم کے ذریعے مرتب کیا جاسکے گا۔ وزیراعلیٰ نے جیل مینول اور پریزن ایکٹ میں ترامیم کے لئے کارروائی جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب کی تمام جیلوں میں پی سی او قائم کرنے کی منظوری دیدی۔ اجلاس میں پنجاب کی جیلوں میں مزید 10ہزار قیدیوں کی گنجائش بڑھانے کیلئے مزید تعمیرات کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے جیلوں میں نئے واش روم بنانے ،لانڈری سسٹم بھی اپ گریڈ اور جیل سٹاف کی پوسٹ اپ گریڈیشن کی اصولی منظوری د ی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضرورت کے مطابق ڈاکٹر اور طبی عملہ بڑھایا جائے گا اور جیل خانہ جات کیلئے ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ بھی قائم کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ جیلوں کے حالات سدھارنے کا آغاز کیاگیا ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں خود دورے کر کے جیلوں کے حالات کا جائزہ لے رہا ہوں۔ قیدیوں کو جیل مینول کے مطابق تمام تر سہولتیں فراہم کی جائیںگی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پورے پنجاب کی جیلوں میں ایئر کولر اور واٹر کولر بھی لگائے جائیںگے۔ 100سال بعد پہلی مرتبہ جیل میں باقاعدہ اصلاحات کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مومن علی آغانے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کرونا سے قیدیوں کو بچانے کیلئے ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔ 1584 قیدیوں کو لاہور کی گنجان جیلوں سے دوسرے مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں سٹریٹ لائٹس، واسا، نکاسی و فراہمی آب کے منصوبے شمسی توانائی پر منتقل کیے جائیںگے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں سی ایم کمیٹی روم میں خصوصی اجلاس کے دوران صوبائی سیکرٹری انرجی نے انرجی کے منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں انرجی سیکٹرکے جاری اور زیر تکمیل منصوبوں کا بغور جائزہ لیکر اہم فیصلے کیے گئے ۔اجلاس میں پنجاب میں 50سے 100گھروں کیلئے سولر سسٹم پراجیکٹ لانے کی اصولی منظوری دے دی گئی جبکہ پراونشنل گرڈسٹیشن قائم کر کے صنعتوں کوبراہ راست بجلی کی فراہمی کے پراجیکٹ تیارکرنے کی ہدایت کی گئی ۔وزیراعلیٰ نے کالا شاہ کاکو میں سولر وال پراجیکٹ کو اپ گریڈ کرنے کی بھی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ بہاولپور میں سینٹر آف ری نیوایبل سولر انرجی ٹریننگ سینٹر اور ملتان میں سولر سینٹر آف ایکسی لینس فار سولر ٹیسٹنگ اینڈ ٹریننگ قائم ہوگا۔ ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں سٹریٹ لائٹس،واسا،نکاسی و فراہمی آب کے منصوبوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائیگا۔ عثمان بزدارنے کہا کہ بجلی پیدا کرنے والے یونٹس کو خسارے سے نکال کر منافع میں لانا چاہتے ہیں۔ بجلی بچانے کیلئے سٹینڈرڈ بلڈنگ کوڈ پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ سرکاری عمارتوں کے بجلی کے بلوں میں کمی لاکر بچت کی جائے۔ جہاں بجلی نہیں وہاں سکولوں میں ترجیحی بنیادوں پر سولر سسٹم لگائے جائیں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایکسپو سینٹرفیلڈ ہسپتال سمیت دیگر قرنطینہ مراکز میں کنٹین بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ داخل مریض اپنی مرضی کے مطابق معیاری کھانے کاانتخاب کرسکیںگے۔ قرنطینہ کنٹین کے عملے کیلئے طبی گاؤن، ماسک اورحفاظتی سامان کا استعمال ضروری قرار دیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میںاجلاس منعقد ہوا،جس میںہوم قرنطینہ کا طریقہ کار اور ایس او پیز طے کرنے پر غور کیا گیا۔ بیرون ملک سے آنے والے شہریوں کو 14دن تک زیر نگرانی رکھنا ضروری ہوگا۔ حکومت کے قائم کردہ قرنطینہ مراکز اورہوٹل میں جانے کی آپشن دی جائے گی۔24گھنٹے میں سیمپل لیکررپورٹ آجائے گی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیراعلیٰ کو ایکسپو سینٹر قرنطینہ مرکز سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ دوسری طرف وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے مستحق فنکاروں کیلئے مالی امداد کے پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔وزیر اعلی عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبائی محکمہ اطلاعات و ثقافت نے مستحق فنکاروں کیلئے مالی امداد کا پیکیج تیار کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مستحق فنکاروں کو 15 سے 20 ہزار روپے تک مالی امداد دیں گے۔ پنجاب حکومت 3ہزار فنکاروں کی مالی معاونت کرے گی۔ مالی مشکلات میں گھرے فنکاروں کو تنہانہیں چھوڑیں گے۔ سردار عثمان بزدار نے راولپنڈی کے علاقے میں عمارت گرنے کے واقعہ میں مزدوروں کے جاں بحق ہونے اور بورے والا میں ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔

مزیدخبریں