ڈاکٹر فرقان کی ہلاکت صوبائی حکومت پر کلنک کا ٹیکہ ہے: محنتی

May 06, 2020

کراچی(نیوزرپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمدمحنتی نے کراچی میں کورونا وائرس میںمبتلا ڈاکٹر فرقان الحق کی المناک موت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دلخراش واقع نے محکمہ صحت سمیت سندھ حکومت کے تمام دعووں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔ واقعہ کی تحقیقات اور آئندہ اس طرح کے واقعات کے سدباب کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کے سدباب اورمریضوں کے علاج کے لیے اربوں روپے خرچ کئے گئے ہیں لیکن ایک مریض کی جان بھی بچائی نہیں جاسکی ہے۔جب قوم کے ہیروز ڈاکٹرز اور ملک کے سب سے بڑے و دارالخلافہ شہر کراچی میں انتطامات کی ناکامی کی یہ صورتحال ہے تو پھر باقی ماندہ سندھ کے عوام کس کربناک صورتحال سے دوچار ہونگے۔ سندھ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں شدت اور سختی پر عوام کی زندگی بچانے کی خاطرزور دیا جارہا ہے مگردوسری جانب اسی حکومت کے ناک کے نیچے پاکستان کے سب سے بڑے شہرکراچی میں ایک سینئر ڈاکٹر فرقان الحق کی موت بروقت طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ صوبائی اور وفاقی حکومت کی پوری مشینری قوم کو کورونا سے لڑنے کے مشورے دے رہی ہے مگر دوسری طرف خود ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی اور مہم جوئی میں لگے ہوئے ہیں ۔

مزیدخبریں