اسلام آباد/ کوئٹہ (خصوصی نامہ نگار+ آئی این پی) ضلع ژوب کے مانزکئی سیکٹر میں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کے حملے میں ایف سی کے 4 جوان شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں پاک افغان سرحد پر افغانستان سے دہشت گردوں نے باڑ لگانے والی ایف سی کی ٹیم پر فائرنگ کردی۔ جس کے نتیجے میں ایف سی کے 4 جوان شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی اہلکار ضلع ژوب کے مانزکئی سیکٹر میں سرحد پر باڑ لگانے میں مصروف تھے کہ سرحد پار سے حملہ بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے مانزاکئی سیکٹر میں ایف سی پوسٹ پر کیا گیا۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے حوالدار نور زمان، سپاہی شکیل عباسی، سپاہی احسان اللہ اور نائیک سلطان شہید ہوگئے، جبکہ فائرنگ سے 6 جوان زخمی بھی ہوئے، جنہیں سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ژوب بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد پاک فوج کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کا کام ہر صورت مکمل کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایف سی اہلکاروں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ دہشت گرد ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے پاک افواج کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔