اسلام آباد (وقائع نگار) احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی کی عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی جائیداد ضبطگی کے خلاف مریم نواز، یوسف عباس اور دیگر کی درخواستوں پر نیب کو آئندہ سماعت تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران نیب نے یوسف عباس اور دیگر تین درخواستوں پر جواب جمع نہ کرایا اور مزید مہلت کی استدعا کرتے ہوئے نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ درخواستوں پر بحث کر لیں۔ ہم دلائل دیتے ہیں۔ درخواست گزار وکیل نے کہاکہ نیب پہلے دیگر درخواستوں پر جواب جمع کروائے۔ عدالت نے نیب کو آئندہ سماعت تک تمام درخواستوں پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 17مئی تک ملتوی کر دی۔ واضع رہے کہ نیب مریم نواز کی درخواست پر پہلے ہی جواب جمع کروا چکا ہے۔