صنعتی شعبہ کیلئے پیکیج معاشی بحالی یقینی بنائے گا:وزیر خزانہ پنجاب 

May 06, 2021

(کامرس رپورٹر )وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا ہے  کہ آئندہ مالی سال 2021-22بحالی کا سال ہو گا۔ یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام صحت کی بحالی جبکہ صنعتی شعبہ کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکج معاشی بحالی کو یقینی بنائے گا۔ زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے درپیش مسائل کے حل اور متعلقہ شعبہ جات میں خدمات کی فراہمی کو بہتر بنایا جائے گا۔ زراعت سے متعلقہ صنعت کا فروغ بھی آئندہ ترقیاتی ایجنڈے کا اہم جزو ہو گا۔ سماجی تحفظ کی فراہمی آئندہ بجٹ میں بھی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہو گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز سب نیشنل گوورننس پروگرام کے زیراہتمام معروف ماہرین معاشیات کے ساتھ پری بجٹ مشاورتی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صنعتی ترقی کے بغیر معاشی بحالی کا تصور محال ہے۔ صنعتی شعبہ کی ترقی کے لیے سرمایہ کاروں کے تحفظ سے لے کر انڈسٹریل زونز کے قیام اور موزوں لیبر فورس کی تیاری تک تمام مراحل پر سٹیک ہولڈز کی مشاورت سے پائیدار اقدامات کو یقینی بنایا جا ررہا ہے۔اس ضمن میں بجٹ کی تیاری سے قبل ماہرین معاشیات اور مختلف جامعات سے ریسرچ سکالز کی شمولیت بہترین حکمت عملی کے تعین میں معاون ثابت ہو گی۔ اجلاس کے دیگر شرکاء میں چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عبداللہ سنبل، سیکرٹری فنانس افتخار ساہو، چیف ایگزیکٹو آفیسر اربن یو نٹ ڈاکٹر عمر، ماہر اقتصادیات ڈاکٹر غلام نبی، ڈاکٹر علی چیمہ، معروف سید،جاوید اقبال،نازش افراز اور سب نیشنل گوورننس پروگرام کے تحت پبلک فنانس مینجمنٹ کے ماہرین شامل تھے۔ 

مزیدخبریں