لاہور ( خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے چارواہ سیکٹر میں پاکستانی حدود کی خلاف ورزی اور بلا اشتعال فائرنگ قابل مذمت ہے۔ ہندوستانی فوج نے ورکنگ باؤنڈری کراس کرکے جارحانہ رویہ کا ارتکاب کیا ہے۔ مودی حکومت کرونا سے نمٹنے کی بجائے پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ہندوستان اس وقت کرونا کا بد ترین شکار ہے۔ سینکڑوں ہزاروں افراد روزانہ کی بنیاد پر ہلاک اور لاکھوں کی تعداد میں کیسز سامنے آرہے ہیں۔ عالمی دنیا بھارت کے ساتھ سفری روابط ختم کرچکی ہے۔ بھارت میں صورت حال دن بدن خراب سے خراب تر ہوتی چلی جارہی ہے۔ چارواہ سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے حالات کشیدہ کرنا درحقیقت بھارتی عوام کا غصہ ٹھنڈا کرنے اور توجہ ہٹانے کی مذموم کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اس گھناؤنی حرکت پر محض رسمی احتجاج کرکے بری الذمہ نہیں ہوسکتا۔ اب وقت آگیا ہے کہ بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے۔ انڈیا لاتوں کا بھوت ہے، باتوں سے نہیں سمجھے گا۔ ایک طرف بیک ڈور مذاکرات کا کھیل رچایا جارہا ہے تو دوسری طرف ورکنگ باؤنڈری پر پر تشدد کارروائیاں بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔
بھارتی فو ج کی چارواہ سیکٹر میں سرحدی خلاف ورزی قابل مذمت:جاویدقصوری
May 06, 2021