لاہور(نیوز رپورٹر ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ہم تو خود ڈسکہ کے ڈسے ہوئے ہیں ، وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے انتخابی اصلاحات پر بات چیت کی پیشکش پر اپوزیشن کا’’ میں نہ مانوں‘‘ کا رویہ سمجھ سے بالاتر ہے ، آئندہ عام انتخابات تحریک انصاف نہیں بلکہ نگران حکومتوں نے کرانے ہیں،انتخابی اصلاحات کیلئے لائے گئے آرڈیننسز نے مقررہ مدت کے بعد بالآخر پارلیمنٹ میں ہی آنا ہے اپوزیشن بیٹھے اور بات کرے۔ اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سوشل میڈیا کی اپنی اہمیت ہے ، اگر اپوزیشن کو وزیر اعظم عمران خان کے ٹوئٹر پر کی گئی پیشکش پر اعتراض تھا تو ہمیں کہا جاتا لیکن اپوزیشن نے تو دو ٹوک الفاظ میں اس پیشکش کو مسترد کر دیا جو سمجھ سے بالا تر ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈسکہ کے حلے میں22پولنگ اسٹیشنز پر اعتراض تھا وہاں پر 360میں انتخاب ہو گیا ہم تو خود ڈسکے کے ڈسے ہوئے ہیں ،پیپلز پارٹی نے جب عمل میں شامل نہ ہونا ہو تو وہ شروع میں ہی اس پر اعتراض اٹھا دیتی ہے ،بلاول اور مریم تو سیاست میں نئے آئے ہیں لیکن شہباز شریف اور باقی رہنماکو منجھے ہوئے سیاستدان ہیں انہیں ایسا رویہ نہیں اپنانا چاہیے تھا۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پوری دنیا میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں استعمال ہو رہی ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کی عدالت میںانتخابی عذر داریاںمسترد ہونے کی بھی یہی وجوہات تھیں کہ وہاں پر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال ہوا تھا۔