لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب ہر لحاظ سے دیگر صوبوں کے مقابلے میں آگے ہے، حکومت مدت پوری کرے گی اور عام انتخابات 2023 میں ہوں گے،تحریک انصاف کی حکومت ہر شہر کی یکساں ترقی پر عمل پیرا ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا یہ سفر مزید تیز کریں گے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے ایوان وزیراعلی میں صوبائی وزرا اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی منفی سیاست ختم ہوچکی، عوام صرف ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، ماضی کی حکومت نے پسماندہ علاقوں پر کوئی توجہ مرکوز نہیں کی، تحریک انصاف کی حکومت ہر شہر کی یکساں ترقی پر عمل پیرا ہے۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا یہ سفر مزید تیز کریں گے، کسی شہر کی حق تلفی نہیں ہونے دوں گا۔ وزیراعلی سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر زراعت سید حسنین جہانیاں گردیزی، معاون خصوصی امیر محمد خان، اراکین قومی اسمبلی چوہدری عامر سلطان چیمہ، محمد افضل خان ڈھانڈلہ، اراکین پنجاب اسمبلی غضنفر عباس چھینہ، محمد عامر عنایت شہانی، جاوید کوثر، مسرت جمشید چیمہ اور محمد لطیف نذر شامل تھے۔ دوسری جانب وزیراعلی عثمان بزدار نے لاہور میں صفائی، پارکنگ، تجاوزات اور جرائم کی روک تھام کے لئے متعلقہ حکام کو اہم ٹاسک سونپ دیئے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پاکستان کا دل ہے، شہر کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کمشنر لاہور ڈویژن کیپٹن(ر)محمد عثمان کو خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ عید کی تعطیلات میں خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں، کورونا وبا پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صفائی کے نظام کو مستقل بنیادوں پر درست کیا جائے گا، شہر کی خوبصورتی کے لئے جامع پلان مرتب کیا جائے، شہر میں پارکنگ کے مسائل حل کرنے کیلئے نئے پارکنگ پلازہ بنائے جائیں گے، کمشنر لاہور ڈویژن پارکنگ پلازہ بنانے کیلئے لیڈ لیں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کمشنر لاہور ڈویژن کو ہدایت کی کہ کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور شہر کی ترقی کیلئے اربوں روپے کا ڈویلپمنٹ پیکیج دیا ہے۔ بہت جلد میگا پراجیکٹس پر کام کا آغازکیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس بنانے کے منصوبے پر کام تیز کیا جائے۔ پناہ گاہوں میں آنے والے افراد کی سہولت کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور شہر میں نئی پناہ گاہوں کے قیام کے لئے اراضی کی نشاندہی کی جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منتخب نمائندوں کے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا۔ ہر ضلع کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تحریک حریت کشمیر کے رہنما محمد اشرف صحرائی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ریڈیو اور ٹیلی ویژن سے پہلی اذان دینے کی سعادت حاصل کرنے والے صدارتی ایوارڈ یافتہ قاری نور محمد اعوان کے انتقال پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے افغان سرحد سے دہشت گردوں کی جانب سے ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار ہے۔ زخمی اہلکاروں کو جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔
پنجاب ہر لحاظ سے دیگر صوبوں کے مقابلے میں آگے ہے،عثمان بزدار
May 06, 2021