لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ افراط زر کا دوبارہ دو ہندسوں میں جانا، ایک کلو چینی کی جستجو میں دربدر ہوتی عوام، لوگوں کی آمدن میں کمی نئے پاکستان کی لائی تباہی بیان کر رہے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا تین سال کی حکومتی مدت پوری ہو رہی ہے اور ابھی کابینہ کی تبدیلی جاری ہے جبکہ گھسی پٹی فرسودہ اور بے عمل کھوکھلی بیان بازی ہو رہی ہے۔جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجازاحمد ہاشمی اور ان کے صاحبزادے بیرسٹر اویس رضا ہاشمی نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی میاں شہباز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ انہیں ضمانت پر جیل سے رہائی کی مبارکباد دی اور ان کی والدہ محترمہ شمیم بیگم کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ میاں شہباز شریف نے پیر اعجاز ہاشمی کی خیریت دریافت کی۔ دونوں رہنمائوں نے ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا اور اتفاق کیا کہ عمران خان حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ یہ پاکستان کی 72 سالہ تاریخ کی ناکام ترین حکومت ہے۔ میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکمران ٹولا نااہل لوگوں پر مشتمل ہے۔ جس کے پاس سیاسی مخالفین سے انتقام اور جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں۔ یہ عوامی مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ ملک کو آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ بے وقعت ہو چکی ہے۔ ملک آرڈیننس کے ذریعے چلایا جا رہا ہے اور بیوروکریسی سے جنگ شروع کر رکھی ہے۔
ڈبل ڈیجٹ افراط زر،ایک کلو چینی کیلئے دربدری نئے پاکستان کی لائی تباہی،شہباز شریف
May 06, 2021