علی پور‘ کبیر والا (نامہ نگاروں سے ) یوٹیلٹی سٹورز شہریوں کی عزت نفس پامال کرنے کے مراکز بن گئے۔ علی پور میں چینی اور گھی نہ ملنے کیخلاف شہریوں کے احتجاج پر سٹور سے دھکے دے کر نکالنے پر دو افراد گر کر بے ہوش ، چینی اور گھی نہ ملنے پر عوام کا اعلیٰ حکام سے کاروائی کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق علی پور شہر کے وسط اقبال چوک میں واقع یوٹیلٹی سٹور پر عوام کو گھی اور چینی نہ ملنے پر احتجاج کیا سٹور انچارج طاہر گبول نے ساتھیوں سے مل کر عوام کو ڈنڈے اور دھکے دے کر باہر نکالنے پر دھکم پیل اور ڈنڈے لگنے سے دو افراد گر گئے۔ گرنے سے بزرگ شہری ابراہیم آرائیں اور زیتون بی بی بے ہوش ہو گئے۔ شہریوں نے سہارا دے کر کھڑا کیا ،بزرگ شہری ابراہیم آرائیں ،ملک عبدالغفار جام مختیاراحمد بڑرہ,عمران احمد نذیر احمد فریدی نے بتایا کہ سٹور انچارج طاہر گبول سے گھی اور چینی لینے کیلئے آئیں تو کہتا ہے کہ سیکنڈ ٹائم آنا ,سیکنڈ ٹائم بھی مخصوص لوگوں کو چینی اور گھی دے کر ختم ہونے کا بہانہ بنا کر عوام کو بھگا دیتا ہے رات کے وقت رکشے لوڈ کرکے مختلف دکان داروں اور ہوٹلوں کو فروخت کر دیتا ہے جس سے دنوں میں لاکھوں روپے کما لیتا ہے انہوں نے اعلیٰ حکام سے سٹور انچارج کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے رابطہ کرنے پر طاہر گبول نے بتایا کہ ہوٹل اور پرچون کی دکان دار میرے مستقل گاہک ہیں۔ کبیروالا میں قائم یوٹیلٹی سٹورزعوام کی ضروریات پوری کر نے کی بجائے دکانداروں کو نوازنے میں مصروف ہیں،سٹورکے باہر چینی ، گھی اورسستی دالوں کی خرید کیلئے آنے والوںکو شام گئے خالی ہاتھ گھروں کو لوٹنا پڑرہا ہے ، شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ سٹورزمالکان شہریوں کا اشیائے فروخت کر نے کی بجائے چہیتے دکانداروں کو مہنگے داموں فروخت کردیتے ہیں جب کہ تکرارپرشہریوں کے ساتھ انتہائی تضحیک آمیز سلوک روا رکھا جاتا ہے ، شہری،سماجی حلقوں نے یوٹیلٹی سٹورمالکان کی لوٹ مار شدیداحتجاج کرتے ہوئے حکام سے صورتحال کے فوری نوٹس لینے کامطالبہ کیا ہے۔
چینی ، گھی کے لئے دھکم پیل ، 2 افراد گر کر بے ہوش شہری سراپا احتجاج
May 06, 2021