اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین سے گلگت بلتستان کے وزیراعلی محمدخالد خورشید، وزیرخزانہ جاویدمانوا اورچیف سیکرٹری آصف دامان نے ملاقات کی۔وزیرخزانہ شوکت ترین نے وزیراعلی اوران کی ٹیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان ترقیاتی پیکج کے تحت علاقہ کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔حکومت پن بجلی کی پیداوار، سیاحت کے فروغ،پیشہ وارانہ تربیت کی فراہمی اورعلاقہ کے نوجوانوں کو وظائف دینے کیلئے کئی منصوبے شروع کرنے کاارادہ رکھتی ہے۔وزیرخزانہ نے ان منصوبوں کیلئے مکمل حمایت اورسہولیات کی فراہمی کے عزم کااعادہ کیا۔ اجلاس میں وزیراعلی اورا ن کی ٹیم نے بجٹ تجاویز پرگفت وشنیدبھی کی۔وزیرخزانہ نے بجٹ سازی کے عمل میں وفاقی اکائیوں کی فعال شرکت کو سراہا اورکہاکہ بجٹ کیلئے مشاورتی عمل کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔دریں اثنا وزیر خزانہ سے پاکستان میں امریکی ناظم امور انجیلا پی ایجلر نے ملاقات کی ،وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور ماریکہ کے دیرینہ تعلقات ہین ،پاکستان امریکہ کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں مین مذید اضافہ چاہتا ہے ۔