پتوکی، سیالکوٹ، ڈسکہ (نمائندہ خصوصی، نامہ نگار) عید الفطرکے ایام میں وقفہ وقفہ سے بجلی بند ہوتی رہی۔ لیسکو سٹی پتوکی کے افسروں نے وزیر اعظم کا حکم ہوا میں اڑا دیا۔ بجلی بند ہونے سے تھانہ سٹی پتوکی، فیصل کالونی، ڈی ایس پی آفس، اے سی آفس، لالہ پاک کالونی، کہنہ روڈ سمیت دیگر علاقے متاثر ہوئے۔ سیالکوٹ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق حکومت کی جانب سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا اعلان کے باوجود عید الفطر کے ایام میں ضلع سیالکوٹ کے درجنوں علاقوں میں بد ترین لوڈ شیڈنگ، دیہی سطح پر بجلی کی آنکھ مچولی اور شہری علاقوں میں بھی بجلی بند رہی۔ وزارت توانائی کے دعوے کے برعکس بعض شہروں میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان ہیں۔ ڈسکہ سے نامہ نگار/ نمائندہ خصوصی کے مطابق گیپکو سب ڈویژن نمبر1 اور 2 ڈسکہ میں حکومتی دعووں کے باوجود عید الفطر کے دنوں میںغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری رہا ہے۔ حکومت کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ عید الفطر کے دنوں میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی ۔ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔ عید الفطر کے دن بجلی بند ہونے کی وجہ سے متعدد شہری نماز عید نہ پڑھ سکے۔ علاقہ کے سیاسی وسماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے فوری اصلاح واحوال کا مطالبہ کیا ہے۔
پتوکی، سیالکوٹ، ڈسکہ، عید پر بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ، شہری پریشان
May 06, 2022