راولپنڈی(این این آئی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے خبرادار کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا اعلان کردہ لانگ مارچ خونی ہوسکتا ہے اس لیے مقتدر ادارے بیچ میں پڑیں۔میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ وہ لانگ مارچ میں عمران خان کے ساتھ ہیں۔انہوںنے کہاکہ لانگ مارچ خونی ہو سکتا ہے اور ملک کے حالات خراب ہو سکتے ہیں،ملک میں صورتحال خطرناک رخ اختیار کر رہی ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ وہ صورتحال کو قابو میں رکھنے کی کوشش میں ہیں تاہم حکومت حالات کو کسی اور جانب لے کر جانا چاہتی ہے۔انہوںنے کہاکہ سیاست ہاتھوں سے نکل رہی ہے اور اگر عمران خان کا الیکشن کا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔انہوںنے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ یہ لوگ حالات کو کہیں اور لے جانا چاہتے ہیں تاہم دعا ہے کہ ملک میں امن رہے ،جھاڑو نہ پھر جائے، گلی محلوں میں لڑائی ہونے لگی ہے جس کا ذمہ دار رانا ثناء اللہ ہے۔سابق وزیر داخلہ نے کہاکہ عوام جن لوگوں کے چہرے نہیں دیکھنا چاہتے انہیں اقتدار میں لایا گیا۔انہوںنے کہاکہ ملک کے حالات خراب ہیں خدا کے لیے 31 مئی تک معاملے کا حل نکالیں، ہمارا مقتدر اداروں سے صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ 90 دن کے اندر اندر الیکشن کی تاریخ کا فیصلہ کیا جائے۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہاکہ میں پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہوں’اگر عمران خان رابطے کے لیے میری ڈیوٹی لگاتے ہیں تو میں ان سے بات چیت کے لیے تیار ہوں۔