ہمارے اختلافات کی افواہیں پھیلانے والے منہ کی کھائیں گے: شجاعت

May 06, 2022


گجرات، لاہور (خصوصی نامہ نگار) سربراہ مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ آپسی اختلافات کی افواہیں اڑانے والوں کا کوئی علاج نہیں۔ نارمل اختلافات ہر گھر میں ہوتے ہیں۔ سوچ، رائے الگ ہونے کے باوجود سب ایک ہی گھر میں رہتے ہیں۔ وہ عید کے روز ظہور پیلس میں لیگی کارکنوں اور معززین کے اکٹھ سے خطاب کررہے تھے۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ آج کل ہمارے خاندان میں اختلافات کی جو افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں ایسی باتیں کرنے والوں کیلئے اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ انہیں ہدایت عطا فرمائے، جو لوگ ہمارے خاندان میں بگاڑ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ انشاء اللہ ناکام ہوں گے ان کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔ خاندان میں اختلافات کی باتیں کرنے والے منہ کی کھائیں گے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ایک گھر میں چار خاندان کے بھائی ہوں تو ان کی اولاد میں اختلاف ہونا قدرتی بات ہے۔ ہم سے جو بھی غلطی ہو گی ہم اس کا ازالہ کریں گے ، گالی گلوچ کے کلچر کو ختم کرنا چاہئے، روز بروز مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے، ایسے عناصر کی نشاندہی کرنا ہو گی جو اپنے ذاتی فائدے کیلئے قیمتوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔ اداروں کیخلاف بیانات سے ہر کسی کو گریز کرنا چاہیے۔ ہم سب کو چاہئے کہ عمران خان کا بھرپور ساتھ دیں۔ ضمانتوں پر بننے والی حکومت کے کوئی پاؤں نہیں ہیں، ان کے پاؤں جلد اکھڑ جائیں گے، یہ جہاں سے آئے ہیں وہیں جائیں گے، بیرونی سازش اور مداخلت سے بننے والی حکومت کا کوئی مستقبل نہیں، اب تو مداخلت کے اعتراف امریکہ سے بھی سامنے آ رہے ہیں۔ منحرف ارکان کے بل بوتے پر بننے والی حکومت کسی وقت بھی گر سکتی ہے، پنجاب میں پچیس منحرف ارکان کے ریفرنس میں نا اہلی نوشتہ دیوار ہے، امید ہے الیکشن کمیشن ضمیر بیچنے والوں کو جلد از جلد نااہل کرے گا۔ مونس الٰہی نے کہا کہ سازش کے ذریعے اقتدار میں آنے والے ڈلیور کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، عمران خان کو قوم کی بھرپور تائید حاصل ہے، ان کی ہرکال پر عوام باہر نکل رہے ہیں، لانگ مارچ کی کال کو بھی عوامی حلقوں نے خوش آئند کہا ہے۔ پنجاب میں غیر آئینی و غیر قانونی حکمرانوں کا ڈراپ سین جلد ہوگا۔ قبل ازیں چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی، چودھری وجاہت حسین، مونس الٰہی، حسین الٰہی، راسخ الٰہی، چودھری جاوید چٹھہ، میاں عمران مسعود و خاندان کے دیگر افراد نے نماز عید کنجاہ ہائوس میں ادا کی۔ دریں اثناء چودھری پرویزالٰہی نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی اہلیہ بیگم بیگم صہبا مشرف کو گزشتہ روز ٹیلی فون کیا۔ انہوں نے سابق صدر پرویز مشرف کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

مزیدخبریں