لاہور، سرگودھا (نمائندہ خصوصی، نیٹ نیوز، این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملک کو بدنام کرنے اور عوام کو بیوقوف بنانے والوں کے چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ اب ان کی کسی چال کو لوگ کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ملک بھر کے کارکن پارٹی کا سرمایہ ہیں جن کی قربانیوں اور خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ علماء و مشائخ ونگ مسلم لیگ ن سرگودھا کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری مولانا ملک ضیاء الحق کی قیادت میں علماء کے وفد نے رانا ثناء اللہ اور علماء و مشائخ ونگ مسلم لیگ ن پنجاب کے جنرل سیکرٹری مولانا حافظ محمد امجد سے ملاقات کر کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران علماء و مشائخ ونگ مسلم لیگ ن کو سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع سمیت پنجاب بھر میں منظم اور متحرک کرنے پر مختلف تجاوز پیش کی گئیں اور تنظیم کو مضبوط کرنے کے لئے موثر لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ سرگودھا کے علماء ومشائخ ونگ کے وفد نے وفاقی وزیر داخلہ، مولانا حافظ احمد امجد کو دورہ سرگودھا کی دعوت دی تو انہوں نے بہت جلد دورہ سرگودھا کا یقین دلایا۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے شیخ رشید کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہاہے کہ شیخ رشید احمد جیسے لوگ معاشرے میں فتنہ، اشتعال انگیزی اور خانہ جنگی کے حالات پیدا کرتے ہیں، شیخ رشید کی ملک میں خانہ جنگی کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی، سستی شہرت کیلئے اوٹ پٹانگ گفتگو سے عوام گمراہ نہیں ہوں گے۔ شیخ رشید اگر تمہیں گرفتاری کا خوف نہیں تو اپنی ضمانت قبل از گرفتاری کیوں کروا رہے ہو، مسجد نبویؐ میں ہونے والے توہین آمیز واقعہ کے ماسٹر مائنڈ شیخ رشید تم خود ہو۔ یہ تمہیں پتہ ہے۔ رمضان کے پہلے عشرے میں تم نے جدہ کے سپینسر ہوٹل میں پی ٹی آئی عہدیداروں کے ساتھ ملکر سازش تیار کی، اپنی خود غرصی اور ہوس میں تم نے تو اپنے بھتیجے کو بھی نہیں بخشا، خود مزے سے پنڈی میں عید کررہے ہو اور تمہارا بھتیجا تمہاری سازش کی وجہ سے عید جیل میں کاٹ رہا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے آئینی اور قانونی طریقے سے عمران نیازی کو اقتدار سے رخصت کیا ہے، عمران نیازی اور اس کے حواریوں کی ملک پر چھائی ہوئی چار سالہ نحوست اور بے برکتی کا خاتمہ کیا ہے۔ عمران نیازی کے پاس اختیار تھا وقت پر فیصلہ کرتے اور اسمبلیاں توڑ کر نئے الیکشن کروا دیتے، آج حکومت سے اور ریاستی اداروں سے الیکشن کی بھیک کیوں مانگتے ہو، الیکشن کا موزوں ترین وقت کون سا ہے یہ فیصلہ اب ہم نے کرنا ہے۔ قومی خزانے کو لوٹنے اور ملک کو معاشی بانجھ کرنے کا حساب لئے بغیر الیکشن نہیں ہوں گے۔