لاہور+اسلام آباد (آئی این پی+نمائندہ خصوصی+نیوز رپورٹر) مریم نواز نے کہا ہے کہ میں نہ کردار کشی پر یقین رکھتی ہوں نہ انتقام پر، انسان کی ذاتی ونجی زندگی اس کا اور اللہ کا معاملہ ہے۔ ٹوئٹر پر مریم نے تحریک انصاف کے آفیشل اکاؤنٹ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو ری ٹویٹ کرتے ہوئے اس پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔ پی ٹی آئی کی ٹویٹ میں کہا گیا تھا کہ 'مریم نواز جس کی وجہ شہرت جعلی رسیدیں، جعلی ٹرسٹ ڈیڈ اور جعلی خط ہے اب اطلاعات ہیں کہ انہوں نے DeepFake# ٹیکنالوجی کے ذریعے کئی اہم سیاسی شخصیات کی جعلی ویڈیوز بنوا کر کردار کشی کی منصوبہ بندی کر چکی ہیں، مگر ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ذلت ہی مقدر ہوگا۔ اس پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھے علم نہیں یہ ڈراما آپ کیوں کر رہے ہیں مگر باوجود اس کے کہ عمران خان نے مجھے دو بار جیل میں ڈالا، سزائے موت کی چکی میں رکھا، میں نہ کردار کشی پر یقین رکھتی ہوں نا ذاتی انتقام پر، انسان کی ذاتی ونجی زندگی اس کا اور اللہ رب العزت کا معاملہ ہے، برائے مہربانی مجھے اس گند سے دور رکھیے۔ ایک اور ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ وہ ایف آئی اے سائبر کرائم میں شکایت کریں گی تاکہ اس کا نوٹس لیا جائے اور کارروائی کی جائے۔اسلام آبادسے نمائندہ خصوصی کے مطابق مریم نواز اور دیگر رہنما آج اٹک اورکل سات مئی کو شانگلہ میں جلسہ عام سے خطاب کر یں گی۔ 15 مئی کو گجرات، 20 مئی کو سرگودھا، 23 مئی کو اوکاڑہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گی جبکہ 28 مئی جو یوم تکبیر کے موقع پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور مریم نواز بہاولپور میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔