ایک روز میں کرونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق، 117 نئے کیسز رپورٹ 

May 06, 2022


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں معمولی اضافہ دیکھا گیا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے نئے رپورٹ شدہ کیسز کی تعداد 117 رہی۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 2 اموات ہوئیں، کرونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار 371 ہے۔ این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 117 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 15 لاکھ 28 ہزار 73 ہو گئی۔ ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 94 ہزار 141 ہو چکی ہے۔ این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 19 ہزار 90 ٹیسٹ کئے گئے، اب تک ملک میں 2 کروڑ 80 لاکھ 86 ہزار 42 کووڈ 19 ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔ این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 0.61 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 ہسپتالوں میں کرونا وائرس کے 187 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔ملک میں اب تک 13 کروڑ 42 لاکھ 14 ہزار 841 افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز جبکہ 12 کروڑ 14 لاکھ 29 ہزار 258 کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگائی جا چکی ہیں۔ 

مزیدخبریں