لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کی ہاکی ٹیم نے دیار غیر سپین میں عیدالفطر منائی، کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔پاکستان ہاکی ٹیم اس وقت دورہ یورپ کیلئے سپین میں موجود ہے، جہاں انہوں نے بارسلونا کی مقامی مسجد میں نماز عیدالفطر ادا کی، ٹیم آفیشلز، کھلاڑیوں اور مقامی کمیونٹی نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد پیش کی، کھلاڑی مقامی کمیونٹی میں گھل مل گئے۔ بارسلونا کے پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں پْروقار عید ملن پارٹی کا انعقاد کیا گیا۔سپین میں تعینات پاکستانی سفیر نے قومی ہاکی ٹیم کو بارسلونا میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز کی بات ہے کہ ہمارے درمیان قومی کھیل ہاکی کی قومی ٹیم موجود ہے، جس میں بھرپور اور نیا ٹیلنٹ موجود ہے جو مستقبل میں پاکستان کا پرچم دوبارہ بْلند کریگا۔قومی ٹیم کے منیجر خواجہ جنید نے کہا کہ جس محبت بھرے انداز سے پاکستان ہاکی ٹیم کو خوش آمدید کہا گیا اور اْس کے اعزاز میں عید ملن پارٹی کی تقریب منعقد کی گئی۔ کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے پاکستانی سفارتخانے اور پاکستانی کمیونٹی کے شکر گزار ہیں۔