ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز ، قومی کر کٹر کا ز تر بیتی کیمپ مئی کے تیسرے ہفتے ہوگا

May 06, 2022


لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ، شعبہ انٹرنیشنل کرکٹ اور چیف سلیکٹر کا اجلاس آئندہ ہفتے ہوگا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں قومی ٹیم کی مستقبل کی سرگرمیوں کی حکمت عملی طے کی جائیگی، کاؤنٹی کھیلنے والے قومی کرکٹرز کو 2 جون تک راولپنڈی سٹیڈیم میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق وائٹ بال ٹیم کے کئی کھلاڑی اس وقت انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں، پاکستان میں موجود قومی کرکٹرز کا ٹریننگ کیمپ مئی کے تیسرے ہفتے لگائے جانے کا امکان ہے۔قومی ٹیم کا غیر ملکی کوچنگ سٹاف مئی کے دوسرے ہفتے لاہور پہنچے گا، غیرملکی کوچنگ سٹاف آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے بعد چھٹیوں پر چلا گیا تھا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کا اگلا چیلنج ویسٹ انڈیزکیخلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز ہے۔ ون ڈے میچز  8 ، 10 اور  12 جون کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ انڈر 19 سٹی کرکٹ ایسوسی ٹورنامنٹ برائے 23-2022 اکیس مئی سے چار جون تک کھیلا جائے گا۔بیک وقت ملک کے مختلف شہروں میں کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 93 ٹیمیں شرکت کریں گی۔پچاس اوورز کے فارمیٹ پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کرے گا، جس کی بنیاد پر وہ پی سی بی انڈر 19 تھری ڈے اور انڈر 19 ون ڈے ٹورنامنٹس کے علاوہ پاکستان جونیئر لیگ میں نمائندگی کے بھی اہل ہوں گے۔ہر کرکٹ ایسوسی ایشن میں شامل ہر سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی۔ فارمیٹ کے تحت ہر کرکٹ ایسوسی ایشن کا علیحدہ علیحدہ فاتح ہوگا۔ بلوچستان، سدرن پنجاب اور ناردرن کی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کو تین تین گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سنٹرل پنجاب، سندھ اور خیبر پی کے  کی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کو چار چار مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں شریک تمام 93 سکواڈز کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔

مزیدخبریں