راجستھان : ہندو انتہا پسندوں نے مسلمانوں کو نماز عید سے روک دیا ، ضلع کھر گون میں کرفیو، فوج طلب 

جودھپور (اے پی پی) بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھپور کے علاقے جلوری گیٹ پر عید کے موقع پر زبردست ہنگامہ آرائی دیکھی گئی، جس کے بعد  پورے ضلع اور شہر میں انٹرنیٹ سروسز معطل اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہندو انتہا پسندوں نے علاقے میں واقع عید گاہ میں مسلمانوںکو نماز عید ادا کرنے سے روک دیا۔  جھنڈیوں اور بینروں کو اتار دیا۔ جس کے بعد علاقے میں مسلمانوں اور ہندو شرپسندوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور پتھرائو کیاگیا جس سے متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور چار پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔  پولیس نے آنسو گیس استعمال کی۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس دوران پولیس نے میڈیاکے نمائندوں پر تشدد بھی کیا جس کے خلاف صحافیوں نے سڑک پر دھرنا بھی دیا۔ مدھیہ پردیش کے ضلع کھرگون میں   پیر کو عید الفطر کے موقع پر مکمل کرفیو نافذ رہا اور لوگوں نے گھروں ہی میں نماز عید ادا کی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کھرگون میں گزشتہ ماہ منائے گئے ہندوئوں کے مذہبی تہوار رام نومی پر فرقہ وارانہ تشدد کے بعد کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا۔ عید الفطر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ نے دوبارہ مکمل کرفیو نافذ کردیا  اور حساس علاقوں میں ڈرون اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نگرانی کی جا رہی ہے۔ علاقے کے مسلمانوں نے عید گاہوں کی بجائے گھروں میں ہی نماز عید ادا کی۔ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 13سو فوجیوں پر مشتمل خصوصی فورس کو بھی طلب کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن