عید ، چڑیا گھر آنیوالوں کا تانتا ، پارکنگ سٹینڈ ، کینٹین انتظامیہ کی من مانی 

May 06, 2022

لاہور (رفیعہ ناہید اکرام )عید الفطر کی تین تعطیلات کے دوران لاہور چڑیا گھر کی سیر کیلئے آنے والے سیاحوں کا تانتا بندھا رہا۔ لوگ ٹولیوں کی شکل میں بچوں، فیملیز اور عزیز و اقارب کے ہمراہ لاہور چڑیا گھر کا رخ کرتے اور عید کی خوشیاں مناتے رہے۔ عید کے تینوں دنوں میں 1 لاکھ 65 ہزار سیاح بچے اور بڑے چڑیا گھر کی سیر کیلئے آئے اور خوب انجوائے کرتے رہے۔ جس سے چڑیا گھر انتظامیہ کو 84 لاکھ سے زائد آمدن ہوئی۔ کسی نے اونٹ کی سواری کی تو کوئی من پسند جانوروں اور پرندوں کے ساتھ سیلفیاں اور تصاویر بنواتا رہا جبکہ بعض لوگ مزے مزے کے چٹ پٹے کھانوں سے بھی لطف اندوز ہوتے رہے۔ صفائی کا بھی خاص انتظام کیا گیا تھا جبکہ سٹاف کی عید کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی تھیں۔ شہریوں نے شکایت کی کہ پارکنگ سٹینڈ والے من مانے ریٹ وصول کرتے رہے اور کینٹین پر بھی ناقص اشیائے خورونوش انتہائی مہنگے داموں فروخت ہوتی رہیں۔ عید کے دوسرے روز 60 ہزار سے زائد افراد نے چڑیا گھر کا رخ کیا جس سے انتظامیہ کو تقریباً 30 لاکھ روپے آمدنی ہوئی۔ تیسرے روز بھی لاہور چڑیا گھر کی سیر کے لیے آنے والے افراد کی جوق در جوق آمد کا سلسلہ جاری رہا، تیسرے روز 62 ہزار سے زائد افراد سیر کے لیے آئے جس سے انتظامیہ کو 29 لاکھ 85 ہزار سے زائد آمدن ہوئی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کرن سلیم نے نوائے وقت کو بتایا کہ سیاحوں کی سکیورٹی اور سہولت کے لئے اضافی نفری کی تعیناتی اور اضافی ٹکٹ کاؤنٹرز کے علاوہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔

مزیدخبریں