عید کے 3 روز منچلوں کی ہلڑ بازی ، متعدد گرفتار ، ضمانت کرانے والوں کا رش 

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) عیدالفطر کو منچلوں نے قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے منایا، عید کے تینوں روز منچلوں نے لاہور کی سڑکوں پر اودھم مچائے رکھا۔ موٹر سائیکلوں کے سائلنسر نکال کر ون ویلنگ کرتے رہے، متعدد حادثات کا شکار ہوئے۔ لاہور پولیس کے اہلکار بے بس نظر آئے تاہم کئی ایک کو پولیس اہلکاروں نے دھر لیا۔ ٹریفک وارڈنز نے سینکڑوں موٹر سائیکلوںکے چالان کئے۔ مقامی عدالتوں میں تعینات ڈیوٹی مجسٹریٹس  کے پاس عید کے تینوں روز ضمانت کرانے والوں کا رش لگا رہا۔ ضلع کچہری، ماڈل ٹائون اور کینٹ کچہری میں پولیس نے ون ویلنگ کرنے، پتنگ بازی، شراب نوشی، قمار بازی اور ہلڑ بازی کرنے والے درجنوں افراد کو پیش کیا۔ ڈیوٹی مجسٹریٹس نے قابل ضمانت جرائم میں ملوث 50 سے زائد ملزموں کی ضمانتیں منظور ہوئیں، کئی ایک کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا اور درجنوںکو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عید کی تعطیلات کے دوران زیادہ تر ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔ سنجیدہ حلقوں کا کہنا ہے کہ عید کے تہوار ہوں یا یوم آزادی یا پھر پاکستان کوئی میچ جیت جائے خاص طور پر بھارت سے تو لاہور کی سڑکوں پر منچلوں کی طرف سے طوفان بدتمیزی  برپا کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ اس حوالے سے سپیشل فورس تیار کی جائے۔

ای پیپر دی نیشن