لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور ڈی آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے عیدالفطر کا دن اپنی سپاہ کے ساتھ گذارا۔ڈی آئی جی انوسٹی گیشن،ڈی آئی جی آپریشنز،سی ٹی او لاہور منتظر مہدی اور دیگر سینئر پولیس افسران ان کے ہمراہ تھے۔سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ دورہ کے موقع پر درجہ چہارم کے ملازمین سے ملاقات کی،انہیں عید کی مبارکبا دی اور نقد عیدی رقوم تقسیم کیں۔سربراہ لاہور پولیس نے سی ٹی او لاہور منتظر مہدی کے ہمراہ شدید گرمی میں سڑکوں پر فرائض سر انجام دینے والے ٹریفک اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے ان کے ساتھ وقت گذارا۔ انہیں عیدالفطر کی مبارکباد دی اور عیدی تقسیم کی۔بلال صدیق کمیانہ نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس خوشی کے تمام لمحات اور مواقع پر تحفظ فراہم کرنے کیلئے ہمہ وقت پرعزم ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ میرے جوان میری اصل طاقت ہیں۔ ہماری جانیں ملک و قوم کی امانت ہیں۔ دریں اثناء عید الفطر پر ہوائی فائرنگ،ون ویلنگ اور اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں ون ویلنگ کے جرم میں 97 مقدمات درج کرکے98 ون ویلرز کو گرفتار کر لیا۔اسی طرح ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کرنے والے 37 ملزمان گرفتار کرکے 26 مقدمات کر لئے گئے ہیں۔سی سی پی او لاہور ڈی آئی جی بلال صدیق کمیانہ کے مطابق رواں سال ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف 469 مقدمات درج کرکے522 ملزمان گرفتار کئے جبکہ ون ویلنگ کے جرم میں 654 مقدمات درج کرکے 681 ملزمان گرفتار کئے گئے۔