کراچی(نیوز ڈیسک)کلفٹن سی ویو کے مقام سے گزشتہ روز تین بچے لاپتہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی ویو سے چھ سالہ جویریہ، آٹھ سالہ فیصل اور ساڑھے تین سالہ حارث نامی بچے لاپتہ ہوئے ہیں۔لاپتہ ہونے والی چھ سالہ جویریہ کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ کٹی پہاڑی منگوپیر کے علاقے سے عید کے دوسرے روز پکنک منانے آئے تھے۔انہوں نے بتایاکہ جویریہ کے لاپتہ ہونے سے متعلق درخشاں تھانہ کو بھی آگاہ کیا ہے، بدھ کی دوپہر سے جویریہ سی ویو پر پکنک مناتے ہوئے لاپتہ ہوگئی تھی۔کلفٹن پولیس چوکی کے نزدیک سے آٹھ سالہ فیصل بدھ کی دوپہر سے لاپتہ ہے، جوکہ لانڈھی شیرپا کالونی سے عید پر پکنک منانے کیلئے سی ویو آیا تھا۔ساڑھے تین سالہ کم سن بچے حارث کے والدین بھی اپنے بچے کی تلاش میں پریشان ہیں۔ شدت غم سے نڈھال لاپتہ بچوں کے ورثا پولیس اور فلاحی اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔