ترک وزیر خارجہ کی بلاول کو  مبارکباداور کشمیر کی حمایت

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاش اولو نے فون کرکے انہیں وزارت خارجہ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور دونوں ملکوں کے مابین برادرانہ قریبی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ترکی کی جانب سے کشمیر کے معاملے پر پاکستانی موقف کی حمایت پر اپنے ہم منصب کا شکریہ ادا کیا جبکہ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75برس کی تکمیل کا جشن منانے پر بھی اتفاق ہوا۔ 
 اگرچہ پاکستان اور ترکی جغرافیائی طور پر ایک دوسرے سے دور ہیں لیکن مشترکہ مذہب اور ثقافتی ورثے پر مبنی اپنے تاریخی بھائی چارے کی وجہ سے دونوں برادر ممالک سیاست ، معیشت اور دفاع جیسے بہت سے شعبوں میںایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے  ہیں اور اپنے برادرانہ تعلقات میں کبھی کمی نہیں آنے دی۔ اگر ان تعلقات کا جائزہ لیا جائے تو برادر ملک ترکی جب بھی کسی مشکل کا شکار ہوا تو پاکستان نے اسکی ہرممکن حمایت و مدد کی۔ اسی طرح ترکی نے بھی ہر مشکل وقت میں پاکستان کا کھل کر ساتھ دیا۔ ترکی اور یونان کے درمیان قبرص کے مسئلے پر پاکستان نے روزِ اوّل سے ہی ترکی کو کسی بھی عالمی رکاوٹ کو خاطر میں لائے بغیر سپورٹ کیا۔ اسی طرح 65ء اور 71 کی پاک بھارت جنگ میں ترکی نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔ مسئلہ کشمیر پر بھی اس نے  ہر عالمی فورم پر پاکستانی موقف کی کھل کر حمایت کی۔ گزشتہ دنوں ترکی کے وزیرخارجہ نے پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے گفتگو کرتے ہوئے ایک بار پھر کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت کی  اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا جس سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ  پاکستان اورترکی  اسلامی بھائی چارے کے بے لوث رشتوںمیں بندھے ہوئے ہیں۔ان تعلقات کا تقاضا ہے کہ مختلف شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جائیں تاکہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید تقویت ملے۔ سفارتی تعلقات کی75 ویں سالگرہ منا کر پاکستان اور ترکی ایک دوسرے کے مزید قریب ہونگے۔ بلاول بھٹو زرداری نئے خون اور نئے جذبے کے ساتھ امور خارجہ کا قلمدان سنبھالا ہے‘ وہ اپنی بہترین خارجہ پالیسی کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کرینگے اور تمام ممالک کے ساتھ مثالی تعلقات استوار کرینگے۔ 

ای پیپر دی نیشن