لاہور(کامرس رپورٹر )لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ٹیکس نظام میں کرپشن اور افسر شاہی کی طرز پر فیصلوں نے ٹیکس دہندگان کے اعتماد کو بری طرح مجروح کیا ہے۔ٹیکس اہداف سے ودہولڈنگ ٹیکس کی ریکوری کو نکال دیا جائے تو ایف بی آر کی کارکردگی سوالیہ نشان ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار لاہور ٹیکس بار کے صدر زاہد پرویز،نائب صدر رانا کاشف ولائت،جنرل سیکرٹری اعجاز بھٹی،فنانس سیکرٹری عامر رحمان اورجوائنٹ سیکرٹری چودھری اصغر جالندھری نے ٹیکس نظام کے حوالے سے منعقدہ مذاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایڈ ہاک ازم کی وجہ سے 75سالوں میں پاکستان کی معیشت میں استحکام نہیں آسکا ۔ آج بھی کسی سیاسی جماعت کے پاس معاشی پلان نہیں ہے بلکہ جو بھی سیاسی جماعت حکومت میں آتی ہے۔ وہ ڈنگ ٹپائو پالیسی پر گامزن ہوتی ہے جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے ،اگر ملک میں زراعت اور ترسیلات زر نہ ہوں تو پاکستان کی بقاء کیلئے خطرات پیدا ہو جائیں۔ سیاسی استحکام کے بغیر ملک میں معاشی استحکام ممکن نہیں۔ٹیکس نظام اور معاشی پالیسیوں کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے زمینی حقائق کے مطابق دستاویزتیار کی جائے۔