کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان یارن مرچنٹس ایسو سی ایشن (پائما) کے سینئر وائس چیئرمین سہیل نثار نے بجلی کے رعایتی پیکیج ختم کرنے کے بعد اب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے ٹیکسٹائل سیکٹر کیلئے گیس کا رعایتی پیکج ختم کرنے کی خبروں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے اپیل کی ہے کہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کی حامل ٹیکسٹائل انڈسٹری کو تباہی سے بچانے کیلئے بجلی اور گیس کا رعایتی پیکیج برقرار رکھا جائے۔سہیل نثار نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی بجلی کا رعایتی ٹیرف ختم کردیا ہے جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں لومز بند ہوگئی ہیں اور عیدالفطر کے بعدبھی لومز نہیں چل پائیں اور اب سونے پر سہاگہ گیس کا رعایتی پیکج ختم کرنے سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی پیداواری لاگت میں بے پناہ اضافہ ہوجائے گا کیونکہ گیس پیداواری سرگرمیوں کو جاری رکھنے کیلئے ٹیکسٹائل انڈسٹری کا بنیادی خام مال ہے لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ صنعتوں کیلئے مشکلات پیدا کرنے کے بجائے آسانیاں پیدا کرے اور پیداواری لاگت کو کم کرنے کے اقدامات کرے تاکہ برآمدی مصنوعات کی بروقت تیاری ممکن ہوسکے اور غیر ملکی خریداروں کے آرڈرز کی وعدے کے مطابق ڈیلیوری دی جاسکے۔ سہیل نثار نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کیلئے بجلی اور گیس کا رعایتی پیکیج برقرار رکھا جائے بصورت دیگر صنعتیں زائد لاگت کا بوجھ برداشت نہیں کر پائیں گی اور پیداواری لاگت ناقابل برداشت حد تک بڑھنے کے نتیجے میں ٹیکسٹائل یونٹس بند ہوجائیں گے جس کے نتیجے میں لاکھوں ورکرز بے روزگار ہو نے کا خدشہ ہے۔