کامسٹیک کا دی یونیورسٹی آف لاہور کے تعاون سے گیمبیا کیلئے سکالرشپس کا اعلان

لاہور(کامرس رپورٹر)کامسٹیک کا دی یونیورسٹی آف لاہور کے تعاون سے گیمبیا کے ایڈورڈ فرانسس سمال ٹیچنگ ہسپتال کیلئے سکالرشپس کا اعلان۔ دی یونیورسٹی آف لاہور کے ساتھ مل کر کامسٹیک مختلف شعبوں میں 15 مکمل فنڈڈ اسکالرشپس پیش کر رہا ہے۔ یہ وظائف بائیو میڈیکل سائنسز، فارمیسی، مینجمنٹ سائنسز، شماریات، میڈیکل امیجنگ سائنسز، الیکٹریکل انجینئرنگ، الیکٹرانکس اور الیکٹریکل سسٹمز، اور ڈائیٹیٹکس اور نیوٹریشن سائنسز میں انڈرگریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی کے طلباء کو دی جائیں گی۔ دی یونیورسٹی آف لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین اویس رؤف نے کہا کہ کامسٹیک کے ساتھ مل کر دی یونیورسٹی آف لاہور گیمبیا کے تعلیم اور صحت کے شعبوں کی استعداد کار میں اضافے کیلئے سکالرشپ فراہم کریگی۔ انہوں نے بتایا کہ ایڈورڈ فرانسس سمال ٹیچنگ ہسپتال گیمبیا کا واحد تدریسی ہسپتال ہے، اور 600 سے زائد بستروں کی گنجائش کے ساتھ پورے ملک کیلئے اہم سینٹر ہے۔ مجھے پختہ یقین ہے کہ یہ وظائف ان کے صحت کے شعبے کو ترقی میں مدد فراہم کریں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ہم مستقبل میں اس ہسپتال اور گیمبیا کے لوگوں کیلئے اپنی حمایت کے دائرہ کار کو مزید بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں۔

ای پیپر دی نیشن