اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ‘ نیٹ نیوز) ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں 1.05 فیصد اضافہ ہوا ہے اور ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی شرح 48.35 فیصد ہو گئی ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 30 اشیاءمہنگی اور 9 کی قیمتوں میں کمی آئی جبکہ حالیہ ہفتے 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ملک میں 44 ہزار 175 روپے سے زائد ماہانہ آمدن والوں کیلئے مہنگائی کی شرح 49.75 فیصد رہی۔ ایک ہفتے میں زندہ مرغی فی کلو 35 روپے 74 پیسے مہنگی ہوئی۔ آلو 3 روپے‘ دال چنا 4 روپے 82 پیسے‘ دال مسور 5 روپے 11 پیسے مہنگی ہوئی۔ دال ماش 6 روپے 81 پیسے‘ دال مونگ ایک روپیہ 42 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی جبکہ انڈے 4 روپے 89 پیسے فی درجن اور آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 24 روپے سے زائد اضافہ ہوا۔ حالیہ ہفتے میں مٹن‘ تازہ دودھ‘ دہی‘ بیف اور چینی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ پیاز 14 روپے‘ لہسن 12 روپے اور ٹماٹر کی قیمت میں ایک روپے فی کلو کمی ہوئی۔ برانڈڈ گھی اور سرسوں کا تیل بھی سستا ہونے والی اشیاءمیں شامل رہا۔ 20 کلو آٹے کا تھیلا 24.61 روپے مہنگا ہوا۔
شماریات
مہنگائی میں 1.05 فیصد اضافہ، 30 اشیاءمہنگی، 9 سستی، 12 کے نرخ برقرار
May 06, 2023