اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے آزادی صحافت کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی 7 درجے بہتری پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا کو زد و کوب، اغوا کرنے، گولیاں مارنے، پسلیاں توڑنے، لفافہ، بکاﺅ کہنے، غلیظ کردار کشی کی مہم چلانے والا دور آہستہ آہستہ ختم ہو رہا ہے جس کا عالمی سطح پر بھی اعتراف ہو رہا ہے۔ جمعہ کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے ماتھے پر لگا میڈیا پریڈیٹر کا بدنما داغ دھونے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ عمران میڈیا پریڈیٹر کا ڈالا گیا چار سالہ گند رفتہ رفتہ صاف ہورہا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے عوام اور میڈیا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا فریڈم انڈیکس میں پاکستان کی پوزیشن بہتر ہو رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ایک سال کے دوران میڈیا کے حوالے سے پیش رفت ہونا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے بعد میڈیا فریڈم انڈیکس میں بہتری کی ایک اور نیک نامی پاکستان کو ملی۔ اظہار رائے اور صحافت کی آزادی کی جدوجہد کرنے، صعوبتیں اور ظلم برداشت کرنے والے صحافیوں اور تنظیموں کو سلام پیش کرتے ہیں، ان کے تعاون و رہنمائی میں بہتری کا یہ سفر جاری رکھیں گے۔ ہماری سمت درست اور نیت صاف ہے۔ یہ رپورٹ جمہوری عوامی حکومت اور غیر جمہوری مسلط حکومت کے درمیان فرق بتاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ میڈیا اور اظہار رائے کے آئینی حقوق کو مزید تقویت دینا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2022میں عمران خان کو میڈیا پریڈیٹر کا خطاب دیا گیا، عمران پریڈیٹر کے چار سالہ دور میں پاکستان پریس فریڈم انڈیکس میں 18 درجے نیچے گیا۔
وزیر اطلاعات
عمران میڈیا پریڑیٹر کا گند آہستہ آہستہ صاف ہو رہا ہے : مریم اورنگزیب
May 06, 2023