کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سندھ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر الیکشن کمشن نے سندھ رینجرز اور فوج کی تعیناتی کیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔ الیکشن کمشن کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ پولنگ سٹیشنز کے باہر رینجرز کی سٹیک اور فوج کی بطور کوئیک رسپانس فورس تعیناتی کیلئے پہلے بھی خطوط ارسال کئے ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پرامن انتخابات اور ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کیلئے آرمڈ فورسز کی پوسنگ سٹیشن کے باہر تعیناتی درکار ہے۔ واضح رہے کہ سندھ کے 26 اضلاع میں ضمنی انتخابات 7 مئی کو شیڈول ہیں۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن نے کراچی میں ہونے والے ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔ ان نشستوں پر امیدواروں کے انتقال کے باعث پولنگ نہیں ہو سکی تھی۔ کراچی میں 11 یونین کونسلز کے ضمنی بلدیاتی انتخابات 7 مئی کو ہونگے۔ امیدواروں کے انتقال کے باعث ان نشستوں پر انتخابات نہیں ہو سکے تھے۔ ضلع وسطی کے تین حلقوں پر یوسی چیئرمین‘ وائس چیئرمین کے انتخابات ہونگے جن میں نیو کراچی ٹاﺅن کی یوسی 4,13 اور 6 شامل ہیں۔ ڈسٹرکٹ کونگی 3 یونین کونسل پر انتخابات ہونگے۔ ڈسٹرکٹ کورنگی کے ٹاﺅن کی یوسی شاہ فیصل 3‘ یوسی 8 پر انتخابات ہونگے۔ دسٹرکٹ ویسٹ کے ٹاﺅن بلدیہ کی یوسی‘ اورنگی کی یوسی 2 اور 1 پر انتخابات ہونگے۔ ڈسٹرکٹ کیماڑی کے بلدیہ ٹاﺅن کی یوسی 2 ڈسٹرکٹ ساﺅتھ کے لیاری ٹاﺅن کی یوسی 2 میں پولنگ ہوگی۔